جدہ کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پاکستان اور دیگر ممالک کے لیے پروازیں دسمبر سے شروع ہوں گی

20 دسمبر 2019ء سے پاکستانی شہروں کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور ملتان کے لیے پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 اکتوبر 2019 09:39

جدہ کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پاکستان اور دیگر ممالک کے لیے پروازیں دسمبر سے شروع ہوں گی
جدہ (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر2019ء) جدہ کا نو تعمیر شدہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ دُنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اس وسیع و عریض ایئر پورٹس سے عنقریب پاکستان کے لیے بھی پروازیں جلد شروع ہونے والی ہیں۔ اس حوالے سے سعودی اخبار 24 کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جدہ کے نئے ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں 6مراحل کے تحت شروع ہونا تھیں۔

جن میں سے پہلے دو مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ اس وقت ٹرمینل ون سے سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کی اربیل، شرم الشیخ، عمان اور اسکندریہ کے لیے بین الاقوامی پروازیں روانہ ہو رہی ہیں۔اس کے علاوہ21 داخلی اور 7بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے بھی پروازیں جا رہی ہیں۔ 3 نومبر 2019ء کو تیسرے مرحلے کے تحت ایتھنز، روم، فرینکفرٹ، جنیوا، میونخ، میلان اور ویانا کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

جبکہ چوتھے مرحلے کا آغاز 15 نومبر 2019ء کو ہو گا جس کے تحت بیروت، کویت، خرطوم، نیروبی، دمام، قصیم اور قاہرہ کے لیے پروازیں روانہ ہو ں گی۔پانچویں مرحلے کا آغاز 10دسمبر 2019 سے ہوگاجس کے تحت 12نئے مقامات دہلی، حیدر، آباد، کالی کٹ، بنگلور، لکھنئو، ممبی، چنئی، کوچی، تیونس، جوہانسبرگ، انقرہ اور استنبول کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔ جبکہ چھٹے اور آخری مرحلے کا آغاز 20 دسمبر 2019ء سے ہو گا جس کے تحت پاکستان سمیت 28 شہروں کے لیے پروازوں کی روانگی شروع ہو جائے گی۔

ان بین الاقوامی شہروں میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، گوانگ زو، جکارتہ، کولمبو، ڈھاکا، واشنگٹن، نیویارک، کوالالمپور،لاس اینجلس، لندن، مانچسٹر، مدینہ منورہ، مالدیپ، منیلا، ماریشس، ریاض،سنگاپور، عدیس ابابا، الجزائر، پیرس، دار بیضا، دبئی، میڈرڈ اور پورٹ سوڈان شامل ہونگے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں