سعودی عرب کی جانب سے منفرد اقاموں کا اجراء نومبر میں شروع ہو جائے گا

منفرد اقامہ مرکز کے مطابق پہلی کھیپ کو 15 نومبر تک منفرد اقامے جاری کئے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 اکتوبر 2019 10:06

سعودی عرب کی جانب سے منفرد اقاموں کا اجراء نومبر میں شروع ہو جائے گا
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر2019ء) سعودی عرب کی جانب سے دُنیا بھر کے لوگوں کو منفرد اقامے کی پیش کش کی گئی ہے۔ جس کے حصول کے لیے اب تک 27 ممالک سے ہزاروں شہریوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس حوالے سے منفرد اقامہ مرکز کی جانب سے خوش خبری سُنائی گئی ہے کہ جن لوگوں نے منفرد اقامہ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں اُن کی پہلی کھیپ کو 15 نومبر تک منفرد اقامہ جاری کر دیا جائے گا۔

تاہم منفرد اقامے کا اجراء شرائط کے پُورا ہونے پر ہی کیا جائے گا۔ منفرد اقامہ مرکز کے مطابق اب تک ہزاروں درخواستیں وصول ہو چکی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر بھی سینکڑوں درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ درخواست دہندگان کی دستاویزات کا جائزہ لیا جا رہے جو ایک وقت طلب مرحلہ ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد شرائط پر پُورا اُترنے والوں کو 15 نومبر تک منفرد اقامے جاری کر دیئے جائیں گے۔

پاکستان سے بھی ہزاروں لوگوں نے منفرد اقاموں کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں، اس کی ایک وجہ حجاز مقدس سے اُنسیت اور لگاؤ بھی ہے۔ کیونکہ منفرد اقامہ حاصل ہونے کی صورت میں پاکستانی شہری کئی سال تک سعودی عرب میں رہائش اختیار کر سکیں گے اور اُنہیں بار بار اقاموں کی تجدید کے جھنجھٹ سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے دو اِقسام کے منفرد اقامے متعارف کرائے گئے ہیں۔

پہلی قِسم کا منفرد اقامہ زندگی بھر کے لیے ہو گا جس کے لیے صرف ایک بار ہی 8لاکھ ریال جمع کروانا ہوں گے۔ جبکہ دُوسری قِسم کا منفرد اقامہ سالانہ بُنیادوں پر ہو گا جس کی ہر سال تجدید کے لیے ایک لاکھ ریال کی فیس ادا کرنا ہو گی۔ تاہم اس میں ایک سہولت یہ دی گئی ہے کہ تارکین چاہیں تو دو سال یا اس سے زائد عرصہ کی فیس اکٹھی بھی جمع کروا سکتے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں