پاکستانی گھریلو ملازمہ سعودی عرب میں کفیل کے ظلم و ستم کا نشانہ بن کر رہ گئی

خاتون کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں اُس نے بتایا کہ وہ یہاں کمائی کی خاطر آئی مگر اب کفیل اُس کا پاسپورٹ اور ویزہ دونوں ہی واپس دینے کو تیار نہیں ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 اکتوبر 2019 13:59

پاکستانی گھریلو ملازمہ سعودی عرب میں کفیل کے ظلم و ستم کا نشانہ بن کر رہ گئی
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اکتوبر2019ء) گھر میں بے پناہ غربت کے باعث روزگار کی خاطر سعودی مملکت جانے والی پاکستانی خاتون شدید مشکلات کا شکار ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ رو رو کر اپنے اُوپر ہونے والے ظلم کی داستان سُنا رہی ہے۔ اس خاتون کا تعلق خیبر پختونخواہ سے ہے جو اُردو نہیں بول سکتی۔

خاتون ایک رہائشی بلڈنگ کی سیڑھیوں پر بیٹھی پشتو میں بتاتی ہے ”میں ایک غریب خاتون ہوں۔ میری آٹھ بیٹیاں ہیں۔ ایک معذور بیٹا بھی تھا جو کچھ عرصہ قبل انتقال کر گیا۔ جب میرا کمانے والا کوئی نہ رہا تو حالات سے بہت زیادہ مجبور ہو کر اور بیٹیوں کو پالنے کے لیے گھریلو ملازمہ بن کر سعودی عرب آ گئی۔ مگر یہاں آ کر میرے ساتھ جو کچھ ہوا وہ میں نہیں بتا سکتی۔

(جاری ہے)

میں تو یہاں کمانے کے لیے آئی تھی۔ مگر اب میرے کفیل نے میرا پاسپورٹ اور ویزہ دونوں اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ میں بہت پریشان ہوں۔ میری عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ اس معاملے میں میری مدد کریں۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے یہی مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر خاتون تک اُن کے پیغامات پہنچ پا رہے ہیں تو وہ جدہ میں مقیم پاکستانی قونصل خانے سے رابطہ کرے۔ قونصل خانے کا عملہ پاکستانی خاتون کی مدد کا کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکال لے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں