جدہ: ایمرجنسی میں گاڑی تیز چلانے پر عائد چالان میں بڑی رعایت مِل گئی

ٹریفک پولیس کے مطابق کسی ہنگامی صورت میں ہونے والے خود کار چالان کو ختم کرانے کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 نومبر 2019 11:27

جدہ: ایمرجنسی میں گاڑی تیز چلانے پر عائد چالان میں بڑی رعایت مِل گئی
جدہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2 نومبر 2019ء ) سعودی عرب میں اکثر و بیشتر مقامات پر ٹریفک خلاف ورزی نوٹ کرنے کے لیے آٹو میٹک سسٹم موجود ہے، جسے ”ساہر“ کا نام دیا جاتا ہے۔ اس سسٹم کی بدولت چالان خود بخود ہو جاتا ہے جس کی اطلاع گاڑی کے مالک کو کر دی جاتی ہے۔مقامی اخبار نے سعودی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ بعض صورتوں میں اگر کسی ڈرائیور کو حدِ رفتار سے تجاوز کرنا پڑے تو اُس کے خلاف عائد خود کار چالان ختم کروایا جا سکتا ہے۔

تاہم اس کے لیے ٹھوس وجہ اور ثبوت کا ہونا ضروری ہے۔صرف اپنی جانب سے کوئی عذر پیش کرنا ہی کافی نہیں ہے۔ سعودی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک شخص نے سوال کیا کہ اُس کا بیٹا اچانک شدید بیمار پڑ گیا تھا، اُس کی تشویش ناک حالت کو دیکھتے ہوئے اُس نے گاڑی بہت تیز چلائی، تاکہ جلد از جلد ہسپتال پہنچ سکے۔

(جاری ہے)

بعد میں اُسے پتا چلا کہ کیا ’ساھر‘ سسٹم نے حدِ رفتار سے تجاوز کرنے پر اُس کا چالان کر دیا ہے۔

حالانکہ ایمرجنسی کے پیش نظر اُس کا گاڑی تیز چلانا بہت ضروری تھا، کیونکہ وہاں پر ایک انسانی جان کو خطرہ لاحق تھا۔ کیا ایمرجنسی کی صورت میں عائد ہونے والا ٹریفک جرمانہ معاف کرایا جا سکتا ہے؟ اس کے جواب میں ٹریفک ڈیپارٹمٹ کے ترجمان نے کمنٹ کیا کہ اگر کوئی بہت زیادہ ایمرجنسی درپیش ہو یا کسی کی جان خطرے میں ہو تو ایسی صورت میں چالان کو ختم کروانا ممکن ہے۔

ایسی صورت میں عوام کو ٹریفک ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کر کے ڈیوٹی پر مامور اہلکار کو میڈیکل رپورٹ پیش کرنی ہو گی، اگر یہ رپورٹ یا اسپتال کا سرٹیفکیٹ اُسی دِن کا ہو، جس دن چالان ریکارڈ کیا گیا تھا، تو ایسی صورت میں ٹریفک جرمانہ معاف کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مملکت بھر میں نصب ’ساھر‘ سسٹم انتہائی جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں کی مدد سے گاڑی کی نمبر پلیٹ کو ٹریس کر کے تیز رفتاری اور دیگر خلاف ورزیوں کا ریکارڈ گاڑی کے مالک کو بھجوا دیتا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں