جدہ میں اُوبر ڈرائیور کی ہوشیار نے مطلوب ملزم پکڑوا دیا

ٹیکسی میں سوار ایک غیر مُلکی نے ڈرائیور کو جعلی نوٹ دینے والا ملزم پہلے بھی جعلی کرنسی کے معاملے میں ملوث تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 نومبر 2019 12:42

جدہ میں اُوبر ڈرائیور کی ہوشیار نے مطلوب ملزم پکڑوا دیا
جدہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11نومبر 2019ء) جدہ میں ایک اُوبر ڈرائیور کی ہوشیاری نے پولیس کو مطلوب جعل ساز کو گرفتار کروا دیا۔ عرب نیوز ویب سائٹ سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزم پہلے بھی جعلی کرنسی چلانے کے الزام میں مطلوب تھا۔ تفصیلات کے مطابق جدہ میں ایک مصری باشندے نے آن لائن ٹیکسی سروس اُوبر کے ذریعے اپنے لیے ٹیکسی منگوائی۔ ٹیکسی والا ڈرائیور اُسے لے کر منزل مقصود پر پہنچ گیا تو مصری باشندے نے اُسے ایک بڑا کرنسی نوٹ دیا جس میں سے ڈرائیور نے اُسے کرایہ کی رقم کاٹ کر باقی رقم دینی تھی۔

تاہم ڈرائیور کو نوٹ ہاتھ میں لیتے ہی احساس ہوا کہ نوٹ اصلی نہیں ہے، اُس نے مصری شخص کو یہ احساس کروائے بغیر کہ اُسے پتا چل چکا ہے، ایک بار پھر نوٹ کو اُنگلیوں میں لے کر مسلا۔

(جاری ہے)

اُسے تسلّی ہو گئی کہ نوٹ واقعی جعلی ہے۔ اچانک اُس کی نظر پاس ہی موجود دو پولیس اہلکاروں پر پڑی۔ ڈرائیور نے مصری باشندے کو باتوں میں لگا کر پولیس اہلکاروں کو ہاتھوں سے ہلکا سا اشارہ کر دیا۔

جس پر پولیس والے اُس کے پاس آ گئے۔ یہ دیکھ کر مصری شخص کو اندازہ ہو گیا کہ اُس کی جعل سازی پکڑی گئی ہے۔ اُس نے فوری طور پر وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس والوں نے اُسے گرفتار کر لیا۔ ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد جب اُس کا اقامہ نمبر موبائل یونٹ کے سسٹم میں فیڈ کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ یہ ملزم کی کوئی پہلی جعل سازی نہیں تھی، وہ پہلے بھی پولیس کو جعلی کرنسی کیس میں مطلوب تھا۔ مصری ملزم نے پہلے بھی کئی لوگوں کو جعلی نوٹ دے کر نقصان پہنچایا تھا۔ ملزم کو مزید تفتیش کی خاطر استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جو تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اُسے عدالت میں پیش کر دے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں