جدہ پولیس نے لُوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث 8 رُکنی ڈکیت گینگ گرفتار کر لیا

گرفتار شدگان کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان ہیں اور تمام کے تمام سعودی باشندے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 نومبر 2019 13:48

جدہ پولیس نے لُوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث 8 رُکنی ڈکیت گینگ گرفتار کر لیا
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15نومبر 2019ء) جدہ پولیس کے ترجمان میجر محمد عبدالوہاب الغامدی نے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے معصوم لوگوں کو اپنے چنگل میں پھنسا کر وارداتیں کرنے والے 8 رُکنی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ تمام کے تمام لوگ سعودی باشندے ہیں، جن کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان ہیں۔ ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو گھیرتے اور پھر ان سے تعلقات بنا کر اُنہیں لُوٹا کرتے تھے۔

ملزمان کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کے دوران 11 وارداتوں کا اعتراف کر لیا گیا ہے۔ ترجمان الغامدی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملزمان لُوٹ مار کی متعد د وارداتوں میں ملوث تھے، اس حوالے سے پولیس کو متعدد رپورٹس بھی موصول ہوئی تھیں، جن پر کارروائی کرتے ہوئے اُسے گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان نے ابتدائی طور پر گیارہ وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے تاہم اُن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے جس کے بعد امکان ہے کہ مزید وارداتوں میں بھی اُن کا ہاتھ نکل آئے۔

کیونکہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد کئی ایسے لوگ سامنے آ رہے ہیں جو اس گروہ کے ہاتھوں لُٹ چکے ہیں۔ مزید معلومات کے حصول کے بعد ان کے خلاف مقدمہ دائر کر کے انہیں استغاثہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ جو انہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعد ان پر دھوکا دہی اور لُوٹ مار کے الزامات کے تحت مقدمہ چلائے گا۔ میجر الغامدی کا مزید کہنا تھا کہ ادارہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں اور معاشرے میں بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف پوری طرح سے سرگرم ہے۔ کیونکہ شہریوں کا تحفظ اور اُن کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ جسے نبھانے کی خاطر کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں