سعودی عرب میں مسافر نے کسٹم افسر کو چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا

سرحدی چیک پوسٹ پر مسافر کی گاڑی سے ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئیں تو وہ شدید مشتعل ہو گیا

پیر 18 نومبر 2019 10:30

سعودی عرب میں مسافر نے کسٹم افسر کو چاقو سے حملہ کر کے زخمی کر دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 نومبر 2019ء ) اُردو کا ایک محاورہ ہے ”ایک تو چوری اُس پر سینہ زوری“ ۔ ایسا ہی معاملہ سعودی عرب میں بھی پیش آیا جب ایک مسافر نے صرف اس بات پر کسٹم اہلکاروں پر حملہ کر دیا کہ انہوں نے اُس کی گاڑی سے ممنوعہ اشیاء کیوں برآمد کیں۔ العربیہ نیٹ نے سعودی محکمہ کسٹم کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک غیر مُلکی مسافر نے سعودی سرحدی چیک پوسٹ سے سعودی مملکت میں داخل ہونے کے دوران سعودی کسٹم افسران پر حملہ کر دیا ، جس کے باعث ایک کسٹم افسر شدید زخمی ہو گیا ہے۔

سعودی اخبار کے مطابق ایک مسافر الحقجی چیک پوسٹ سے سعودی مملکت میں د اخل ہو رہا تھا۔ جب اس کی گاڑی کی تلاشی لی گئی تو اس کے خفیہ خانوں سے ممنوعہ اشیاء برآمد ہونے کی دیر تھی کہ مسافر اپنی اسمگلنگ پکڑے جانے پر آپے سے باہر ہو گیا اور شدید اشتعال کی کیفیت میں ممنوعہ اشیاء برآمد کرنے والے کسٹم عہدے داروں پر اپنے پاس موجود چاقو سے حملہ کر دیا۔

(جاری ہے)

اس چاقو حملے کے باعث ایک عہدے دار شدید زخمی ہو گیا۔شور شرابے کی آواز سُن کر وہاں موجود سیکیورٹی اہلکار قریب آ گئے اور مسافر کو گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہونے سے قبل ہی گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ زخمی افسر کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے۔ محکمہ کسٹم کے ترجمان کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسٹم افسران پر حملہ کرنے اور اُنہیں زخمی کرنے کے ملزم مسافر سے تفتیش کی جاری ہے جس کے بعد اسے عدالت میں پیش کر کے اس کے خلاف مقدمہ چلایا جائے گا۔ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی فضائی ، زمینی اور سمندری سرحدوں پر تعینات سیکیورٹی اور کسٹم اہلکاروں کو بُرا بھلا کہنا، ان کے فرائض پر تنقید کرنا اور ان پر حملہ آور ہونا کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں