سعودی عرب میں جعلی کرنسی پھیلانے والا بین الاقوامی گروہ گرفتار کر لیا گیا

مصری اور سعودی ملزمان نے جدہ میں لاکھوں جعلی امریکی ڈالر پھیلا رکھے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 نومبر 2019 10:39

سعودی عرب میں جعلی کرنسی پھیلانے والا بین الاقوامی گروہ گرفتار کر لیا گیا
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 نومبر 2019ء) جدہ پولیس نے جعلی کرنسی پھیلانے والے ایک بین الاقوامی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان محمد عبدالوہاب الغامدی نے بتایا کہ اس گروہ کی جانب سے سینکڑوں لوگوں کو جعلی ڈالر دے کر انہیں بھاری نقصان پہنچایا گیا تھا۔ مختلف افراد کی جانب سے شکایتیں سامنے آنے کے بعد اس گروہ کے خلاف کارروائی کر کے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا اور ان کے قبضے سے 10 لاکھ ڈالر مالیت کی کرنسی بھی پکڑی گئی جسے یہ مارکیٹ میں پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اس گروہ کے پکڑے جانے والے ارکان میں ایک سعودی شہری اور دو مصری باشندے شامل ہیں۔ تینوں کے خلاف کیس درج کرنے کے بعد انہیں استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جو انہیں چند روز بعد عدالت میں مقدمے کی کارروائی کی خاطر پیش کر دے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی جدہ پولیس نے ایک مصری جعل ساز کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم پہلے بھی جعلی کرنسی چلانے کے الزام میں مطلوب تھا۔

اس مصری باشندے نے آن لائن ٹیکسی سروس اُوبر کے ذریعے اپنے لیے ٹیکسی منگوائی۔ ٹیکسی والا ڈرائیور اُسے لے کر منزل مقصود پر پہنچ گیا تو مصری باشندے نے اُسے ایک بڑا کرنسی نوٹ دیا جس میں سے ڈرائیور نے اُسے کرایہ کی رقم کاٹ کر باقی رقم دینی تھی۔ تاہم ڈرائیور کو نوٹ ہاتھ میں لیتے ہی احساس ہوا کہ نوٹ اصلی نہیں ہے، اُس نے مصری شخص کو یہ احساس کروائے بغیر کہ اُسے پتا چل چکا ہے، ایک بار پھر نوٹ کو اُنگلیوں میں لے کر مسلا۔

اُسے تسلّی ہو گئی کہ نوٹ واقعی جعلی ہے۔ اچانک اُس کی نظر پاس ہی موجود دو پولیس اہلکاروں پر پڑی۔ ڈرائیور نے مصری باشندے کو باتوں میں لگا کر پولیس اہلکاروں کو ہاتھوں سے ہلکا سا اشارہ کر دیا۔ جس پر پولیس والے اُس کے پاس آ گئے۔ یہ دیکھ کر مصری شخص کو اندازہ ہو گیا کہ اُس کی جعل سازی پکڑی گئی ہے۔ اُس نے فوری طور پر وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس والوں نے اُسے گرفتار کر لیا۔ ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد جب اُس کا اقامہ نمبر موبائل یونٹ کے سسٹم میں فیڈ کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ یہ ملزم کی کوئی پہلی جعل سازی نہیں تھی، وہ پہلے بھی پولیس کو جعلی کرنسی کیس میں مطلوب تھا۔ مصری ملزم نے پہلے بھی کئی لوگوں کو جعلی نوٹ دے کر نقصان پہنچایا تھا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں