سعودی عرب میں آٹھویں جماعت کے طالب علم نے ساتھی طالب علم کو قتل کر دیا

یہ لرزہ خیز واقعہ سعودی عرب کی شرورہ کمشنری میں پیش آیا، تحقیقات شروع کر دی گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 نومبر 2019 13:55

سعودی عرب میں آٹھویں جماعت کے طالب علم نے ساتھی طالب علم کو قتل کر دیا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 نومبر 2019ء ) سعودی عرب میں ایک انتہائی لرزہ خیز واردات پیش آئی ہے جس میں ایک کم سن طالب نے اپنے ہم عمر طالب علم کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔ العربیہ نیٹ نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ ناقابلِ یقین واقعہ سعودی عرب کی شرورہ گورنری میں اس وقت پیش آیا جب ایک مڈل اسکول کے کم عمر طالب علم کسی بات پر آپس میں جھگڑ پڑے۔

اس جھگڑے کے دوران ایک طالب علم نے چاقو نکال کر دوسرے لڑکے کو پے در پے وار کرنے کے بعد خون میں لت پت کر دیا۔ جس کے باعث ننھا طالب علم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ سعودی عرب کے محکمہ تعلیم نے اس افسوسناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی فوری تحقیقات شروع کر دی ہیں۔محکمہ تعلیم شرورہ نے ابوہریرہ پرائمری و مڈل اسکول کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر ایجوکیشن نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک فوری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

صوبہ شرورہ میں محکمہ تعلیم کے ترجمان سالم الصعیری نے بتایا کہ دونوں طلبا مڈل کلاس میں زیر تعلیم تھے اور اسکول کے صحن میں ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تو ان میں سے ایک نے دوسرے پر چاقو سے کئی وار کیے۔ان کا کہنا تھا کہ اسکول میں پیش آنے والی اس خونریز اور پُرتشدد واردات سے متعلق واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں۔اس واقعے کے رُونما ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے اور اسکول انتظامیہ کو اس واقعے کا ذمے دار دیا گیا ہے۔ ایک صارف کے مطابق اگر طالب علموں کی کڑی نگرانی کی جائے اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے تو اس قسم کے واقعات رُونما ہونے سے روکے جا سکتے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں