جدہ میں مقیم پاکستانی لڑکی سعودی لڑکوں سے چھیڑ چھاڑ پر گرفتار

پاکستانی لڑکی اپنی گاڑی میں بیٹھی کورنیش پر چہل قدمی کرنے والے لڑکوں پر شرمناک فقرے کس رہی تھی، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کر لی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 نومبر 2019 15:28

جدہ میں مقیم پاکستانی لڑکی سعودی لڑکوں سے چھیڑ چھاڑ پر گرفتار
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2019ء ) جدہ پولیس نے ایک پاکستانی لڑکی کی اخلاق کے منافی ویڈیو وائرل ہونے پر اسے گرفتار کر لیا ہے۔ ایک سعودی اخبار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سنیپ چیٹ اور ٹویٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک لڑکی اپنی گاڑی میں بیٹھے بیٹھے کورنش پر چہل قدمی کرنے والے لڑکوں اور دیگر راہگیروں پر عربی زبان میں غلط قسم کے فقرے کس رہی تھی۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے پر صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے اور اس لڑکی کی حرکات کو سماجی اقدار کے منافی قرار دے کر اس کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔جس پر اس واقعے میں ملوث پاکستانی لڑکی اور اس کی ساتھی نے سنیپ چیٹ پر اپنی تازہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے تمام سوشل میڈیا صارفین سے معافی مانگی۔

(جاری ہے)

اپنے ویڈیو پیغام میں ان لڑکیوں نے کہا کہ وہ تو بس ہنسی مذاق میں ایسا کر رہی تھیں، اس غیر سنجیدگی کی کیفیت میں وہ یہ بھُلا بیٹھیں کہ راہگیروں کا مذاق اُڑانا اُنہیں کس قدر مہنگا پڑسکتا ہے۔

تاہم اُن کا مقصد کسی کی توہین یا دل آزاری کرنا نہیں تھا، وہ اپنی اس غلط حرکات پر بہت پشیمان ہیں۔ تاہم اس دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے۔ اورانہوں نے پاکستانی لڑکی اور اس کے ساتھ کار میں بیٹھی ساتھی لڑکی کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان کی گرفتاری مدینہ منورہ کے قریبی علاقے مدائن صالح سے عمل میں آئی۔ گرفتاری کے بعد پتا چلا کہ گرفتار ہونے والی لڑکی پاکستانی ہے، البتہ اُسے سعودی عرب میں پیدا ہونے کے باعث عربی زبان پر عبور حاصل تھا۔

جبکہ اس کی ساتھی لڑکی جدہ کے ایک بیوٹی پارلر میں بیوٹیشن کے طور پر ملازمت کرتی ہے۔ چھیڑخانی والی ویڈیو کے بعد لڑکیوں کی معذرت پر مبنی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بہت سے سوشل میڈیا صارفین کی آراء میں اختلاف نظر آیا۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ لڑکیوں سے غلطی ہوئی ہے، انہیں معافی دے دی جائے۔ جبکہ کچھ صارفین نے کہا کہ یہ لڑکی سعودی عرب میں پیدا ہونے کی وجہ سے بہترین عربی بول رہی تھی، جس سے ہر کوئی یہ سمجھ رہا تھا کہ یہ لڑکی سعودی ہے ۔

اب کسی کو کیا پتا کہ یہ لڑکی درحقیقت پاکستانی ہے۔ جس نے بھی اس لڑکی کی اخلاق سے گری گفتگو والی ویڈیو دیکھی ہو گی، اس نے تو اسے سعودی سمجھ کر تمام سعودیوں کے بارے میں منفی رائے قائم کی ہو گی۔ اس لیے اس لڑکی کو سزا دی جانی لازم ہے۔ یاد رہے کہ سعودی قوانین کی رُو سے کسی سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور غلط کلمات ادا کرنے پر 5 سال کی سزا اور 1لاکھ ریال جرمانہ ہو گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں