ریاض: بجلی کیبل چوری کرنے والوں کا گینگ گرفتار، متعدد پاکستانی بھی شامل

ملزمان نے دوران تفتیش 36 وارداتوں کا اعتراف کر لیا، ملزمان ایک الیکٹرک کمپنی کی تنصیبات پر واردات انجام دیتے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 9 دسمبر 2019 12:57

ریاض: بجلی کیبل چوری کرنے والوں کا گینگ گرفتار، متعدد پاکستانی بھی شامل
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9دسمبر 2019ء) ریاض پولیس نے چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث گیارہ افراد پر مشتمل گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔اس گینگ کے تمام ارکان غیر مُلکی ہیں جن میں سے متعدد کا تعلق پاکستان سے بتایا جا رہا ہے۔ سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے سے بات کرتے ہوئے ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر سلیمان التویجری نے بتایا کہ جن ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ ایک گروہ کی صورت میں چوری کی وارداتیں انجام دیتے تھے۔

ملزمان سعودی الیکٹرک کمپنی کے مختلف پاور اسٹیشنز اور سرکٹ ہاؤسز جیسی تنصیبات میں رات کے وقت داخل ہوئے اور وہاں سے قیمتی کیبل اور ٹرانسفارمرز لے اُڑتے ۔ ملزمان نے پکڑے جانے پر بتایا کہ انہوں نے 36 کے قریب کیبل اور دیگر برقی آلات و سامان کی چوری کی وارداتیں کی ہیں۔

(جاری ہے)

جن میں لُوٹے گئے سامان کی مجموعی مالیت پانچ لاکھ ریال سے زائد ہے۔

گرفتار کیے گئے افراد کی عمریں 20 سے 50 برس کے درمیان ہیں۔ یہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے وقفے وقفے سے وارداتیں انجام دیا کرتے تھے۔ ملزمان اتنے ہوشیار تھے کہ چوری کی گئی کیبلز اور دیگر برقی آلات ریاض کے ایک مضافاتی علاقے میں بنے فارم ہاؤس میں رکھ دیتے، اور کچھ عرصہ بعد انہیں فروخت کر کے پیسے بٹور لیتے۔ التویجری کا کہنا تھا کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے، جس سے امکان ہے کہ مزید وارداتوں میں ان کے ملوث ہونے کا پتا چل جائے گا۔

ملزمان کو استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جو ان سے تفصیلی تفتیش کرنے کے بعد ان کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے عدالت میں پیش کر دے گا۔ کرنل شاکر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں جرائم پیشہ افراد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ کوئی بھی جُرم کرنے والا زیادہ دیر تک پولیس کے شکنجے سے بچ کر نہیں رہ سکتا۔ اُسے بالآخر اپنے انجام سے دوچار ہونا ہی پڑتا ہے۔ پولیس کا مقصد عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا اور انہیں تحفظ کا احساس دلانا ہے۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ سعودی مملکت میں امن قائم رکھنے اور جرائم کے خاتمے میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔ کسی بھی مشکوک سرگرمیوں والے افراد کی اطلاع پولیس کو فوری طور پر دیں باقی تفتیش کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں