سعودی نوجوان نے مسجد کے باہر محبوبہ کو سجدہ کر ڈالا

سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہونے کے بعد عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 مارچ 2020 13:08

سعودی نوجوان نے مسجد کے باہر محبوبہ کو سجدہ کر ڈالا
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2020ء) کسی بزرگ نے کہا ہے کہ بعض اوقات محبت انسان کو دیوانگی کی اس سطح پر لے جاتی ہے جہاں وہ سماجی و مذہبی اقدار کی توہین کر ڈالتا ہے، یہاں تک کہ اس کی کئی رومانوی حرکات شرک کی حدوں کو چھُونے لگتی ہیں۔ کچھ ایسی ہی خلافِ اسلام حرکات ایک سعودی نوجوان نے بھی کر ڈالیں، جس نے اپنی محبوبہ کو سجدہ کر دیا، اور سجدہ بھی کسی عام جگہ پر نہیں بلکہ عین ایک مسجد کے دروازے کے سامنے کیا ہے۔

عاشق نوجوان کی اس حرکت کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی دیر تھی کہ صارفین شدید مشتعل ہو گئے اور انہوں نے نوجوان اور اس کی محبوبہ کو جان بوجھ کر شعائر اسلامی کا مذاق اُڑانے کا قصور وار ٹھہرا دیا۔ اُردو نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک سعودی نوجوان ایک لڑکی کو سجدہ کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

اور پس منظر میں مسجد کا دروازہ بھی نظر آ رہا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین نے عاشق جوڑے کی اس حرکت پر شدید احتجاج کیا اور ان کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔ جب یہ معاملہ سعودی پولیس کے علم میں آیا تو ایک ٹیم تشکیل دے کر اس نوجوان اور اس کی محبوبہ کی تلاش شروع کر دی۔ بالآخر انہیں بہت جلد گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ جدہ کی ایک مسجد کے باہر پیش آیا۔ گرفتار کیے گئے سعودی نوجوان کی عمر 30 سال ہے جبکہ جس لڑکی کے آگے اس نے اپنا ماتھا ٹیکا وہ یمن سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ لڑکی ہے۔

ان دونوں کی تصویر ایک 20 سالہ یمنی لڑکی نے اُتاری تھی۔ اُسے بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان کو ضابطے کی کارروائی کے بعد متعلقہ محکمے کے حوالے کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ جمعہ کو ٹوئٹر پر صارفین نے ہیش ٹیگ’نوجوان لڑکی کو سجدہ کر رہاہے‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا۔ٹوئٹر صارفین کی بڑی تعداد نے اس حرکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ایک صارف کا کہنا تھا کہ اگر نوجوان اور اس کی محبوبہ کو سخت سزا نہ دی گئی تو کل کو ایسے کئی بگڑے ہوئے نام نہاد عاشقوں کو بھی شہ مِلے گی۔ محبت اپنی جگہ مگر اس کے اظہار کے لیے مذہبی شعائر کی توہین کسی صورت گوارا نہیں کی جا سکتی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں