سعودی شہر جدہ کو مکمل طور سیل کر دیا گیا۔ تمام داخلی اور خارجی راستے بند

شہر کو سیل کرنے کا اقدام کرونا وائرس کے پھیلاو پر قابو پانے کے لیے کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 29 مارچ 2020 15:13

سعودی شہر جدہ کو مکمل طور سیل کر دیا گیا۔ تمام داخلی اور خارجی راستے بند
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مارچ 2020ء) سعودی شہر جدہ کو مکمل طور سیل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب میں مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔اسی تناظر میں آج جدہ کو مکمل طور سیل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام کرونا وائرس کے پھیلاو پر قابو پانے کےلیے کیا گیا ہے۔شہر میں رہائشیوں کے شہر سے باہر جانے اور باہر سے کسی کو بھی شہر کے اندر آنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاض،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بعد اب جدہ کمشنری میں کرفیو کا وقت دوپہر 3 بجے سے کر دیا جائے گا،جدہ میں کرفیو شاہی فرمان کے مطابق طے شدہ وقت تک جاری رہے گا۔جدہ کمشنری کے رہائشیوں کا کمشنری سے باہر جانے اور باہر سے کسی کے آنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوپہر 3 بجے سے کرفیو کا اطلاق ان لوگوں پر نہیں ہو گا جنہیں شاہی فرمان میں استشنیٰ دیا گیا ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرات کو مدنظررکھتے ہوئے شاہ یحکومت کی جانب سے تمام ریجنوں میں کرفیو لگانے کا اعلان کیا گیا تھا،۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے نئے اقدامات کی منظوری دی۔حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے مطابق کسی ایک ریجن کے شخص کو کسی بھی دوسری ریجن میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ ریاض ، مکہ اور مدینہ میں شہروں کے حوالے سے کرفیو لگا دیا گیا ہے جس کےمطابق کوئی بھی شخص نہ ان تین شہروں میں داخل ہو سکتا ہےاور نہ ہی ان شہروں سے باہر جا سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی بہتری او ر کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے ہی کیا گیا ہے۔تینوں شہروں کے بعد اب جدہ کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے پروازیں بھی معطل کر دی ہیں، سعودی عرب نے پندرہ مارچ کو تااطلاع ثانی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سعودی خبررساں ادارے نے بتایا کہ شاہی ہدایات کے مطابق چار اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

ایک فیصلے کے تحت سعودی عرب کے لیے تمام بین الاقوامی پروازایں تا اطلاع ثانی معطل رہیں گی۔ داخلی پروازوں کی معطلی بھی تااطلاع ثانی رہے گی۔ ہنگامی حالات میں پروازیں اس پابندی سے مستثنی ہوں گی۔علاوہ ازیں بسیں،ٹیکسیاں،ٹرینیں بھی تا اطلاع ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر ملک میں ٹرینوں، بسوں اور ٹیکسیوں سمیت ڈومیسٹک پروازوں کو اکیس مارچ سے 14 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔سعودی مملکت میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود کورونا کے متاثرین کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں