سعودی حکام نے دمام، قطیف اور طائف میں کرفیو کے اوقات میں اضافہ کر دیا

ان سعودی اضلاع میں کرفیو کا دورانیہ سہ پہر تین بجے سے لے کر صبح 6بجے تک ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 اپریل 2020 12:11

سعودی حکام نے دمام، قطیف اور طائف میں کرفیو کے اوقات میں اضافہ کر دیا
طائف(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اپریل 2020 ء) سعودی حکام نے کورونا وائرس پر قابو پانے کی خاطرکرفیو کے حوالے سے ایک اور اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج کے روز سے تین سعودی شہروں دمام، قطیف اور طائف میں کرفیو کے اوقات کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔ جس کے بعد سے کرفیو کا آغاز شام 7بجے کی بجائے سہ پہر 3بجے سے ہو گا اور اگلے روز صبح 6 بجے تک اس کی پابندی کی جائے گی۔

وزارت داخلہ کے مطابق کرفیو کا یہ دورانیہ غیر معینہ مدت کے لیے کیا گیا ہے۔ تاہم مخصوص سرکاری و نجی اداروں کے ملازم جنہیں کرفیو میں مخصوص ذمہ داریاں نبھانی ہوتی ہیں، وہ کرفیو کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ان شہروں میں کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ کورونا کے خطرات کے پیش نظر لوگوں کی زندگی اور صحت کو محفوظ بنانے کی خاطر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں تک ہی محدود رہیں اور حالات کے پیش نظر سماجی تنہائی اختیار کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ جمعرات کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تمام علاقوں میں روزانہ 24 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کیا تھا۔جس کے دوران دونوں شہروں میں داخل ہونے اور وہاں سے باہر جانے پر پابندی ہو گی۔24 گھنٹوں کے اس کرفیو کے دوران دونوں مقدس شہروں کے رہائشی علاقوں میں ہر قسم کی تجارتی سرگرمی اور کام کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔تاہم فارمیسیز، بینکنگ خدمات، راشن اور اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے والے مراکز اور ایندھن کے اسٹیشنز اس فیصلے سے مستثنی ہوں گے۔مملکت میں کرونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1885 ہو گئی ہے۔جبکہ 21 افراد اس وائرس سے لڑائی کے دوران دُنیا سے سے کُوچ کر گئے ہیں ۔اچھی خبر یہ ہے کہ مملکت میں کرونا کے مریضوں میں سے 328 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں