سعودی عرب میں 31مئی سے ٹرین سروس بحال ہو جائے گی

صارفین آج کے دن سے ٹکٹس کی بکنگ کروا سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 27 مئی 2020 11:39

سعودی عرب میں 31مئی سے ٹرین سروس بحال ہو جائے گی
جدہ(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-72مئی2020ء) سعودی عرب ميں کئی ماہ کی بندش کے بعد ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے۔

جس کے بعد مسافر اندرون ملک ایک مقام سے دوسرے مقام تک سفر کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ریلوے کمپنی "SAR" نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ اتوار 31 مئی سے ٹرین سروس کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ٹرین سفر کے خواہش مند افراد آج شام سےSAR کمپنی کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے ٹکٹس کی بکنگ کروا سکیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 21جون سے کرفیو کے خاتمے کا اعلان کردیا، سعودی وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مکہ مکرمہ کے علاوہ مملکت میں 21جون سے کرفیو ختم کردیا جائے گا، اندرونِ ملک پروازوں کو بھی آمدورفت کی اجازت ہوگی۔

جبکہ مملکت میں 31مئی سے کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا گیا ہے اور مساجد میں نماز پڑھنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔31مئی سے مکہ کے علاوہ مملکت میں تمام مساجد میں نماز ادا کی جا سکے گی۔ سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت حکام کی سفارشات پر کرفیو اور حفاظتی اقدامات میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات 28 مئی سے ہفتہ 30 مئی تک سعودی عرب کے تمام علاقوں میں صبح چھ بجے سے لے کر سہ پہر تین بجے تک گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی۔

اتوار 31 مئی سے ہفتہ 20 جون کی شام تک صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی جبکہ مکہ مکرمہ اس سہولت سے مستثنی ہوگا۔ کرفیو سے خارج اوقات میں نجی گاڑی سے مملکت کے تمام شہروں اور صوبوں میں آنے جانے کی اجازت ہوگی۔اتوار 31 مئی سے سعودی عرب کی تمام مساجد جمعہ اور فرض نمازیں جماعت کے ساتھ ادا کرنے سے کھول دی جائیں گی تاہم مکہ مکرمہ کی مساجد اس سے مسثنی ہوں گی،مساجد میں حفاظتی تدابیر کی پابندی لازمی ہوگی، مسجد الحرام میں جمعہ اور باجماعت نمازیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رہیں گی۔

سعودی عرب کے تمام علاقو ں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے مختلف وسائل کے ذریعے سفر پر پابندی ختم کردی گئی ہے البتہ متعلقہ ادارے ضروری احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے پابند ہوں گی۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں