سعودی عرب میں مشکلات کا شکارتارکین وطن اور مقامی افراد کواچھی خبر سُنا دی گئی

حکومت نے آج کے روز سے کھانے پینے کی اشیاء مہنگی کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 11 جون 2020 12:08

سعودی عرب میں مشکلات کا شکارتارکین وطن اور مقامی افراد کواچھی خبر سُنا دی گئی
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جون 2020ء) سعودی مملکت کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ ڈیری پراڈکٹس، بکری، بھیڑ، مرغی ، مچھلی کے گوشت اور سبزیوں پر 10 جون سے کسٹم ڈیوٹی لگا دی جائے گی۔ اس اعلان کے بعد پاکستانیوں سمیت دیگر تارکین وطن میں بھی فکر مندی کی لہر دوڑ گئی تھی، کیونکہ کورونا کی وبا کے باعث معاشی حالات خراب ہونے سے وہ پہلے ہی وہ بہت پریشان ہیں اور اب غذائی مصنوعات مزید مہنگی ہونے سے ان کی زندگی مزید مشکلات کا شکار ہونے والی تھی۔

تاہم سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کر دیا گیا ہے کہ آج کے روز سے فوڈ پراڈکٹس مہنگی کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا گیا ہے۔ فی الحال ان اشیاء پر کوئی کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں کی جا رہی۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزیر صنعت بندر الخریف نے کہا ہے کہ کہ کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کا فیصلہ کورونا کی وبا سے قبل کیا گیا تھا، جس کا مقصد درآمدات کی حوصلہ شکنی کر کے سعودی مصنوعات کو فروغ دینا تھا۔

(جاری ہے)

اور مقامی صنعتی شعبے کو ترقی دینا تھا۔ مگر کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر فوڈ پراڈکٹس فی الحال مہنگی نہیں کی جا رہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 10جون سے فوڈ پراڈکٹس پر3سے 25 فیصد تک کسٹم ڈیوٹی بڑھا دی جائے گی۔محکمہ کسٹم نے کہا تھا کہ ایسی اشیاء جن پر ماضی میں کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں تھی، ان پر بھی آئندہ سے ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے، ان میں بکری اور بھیڑ کا گوشت شامل ہے، جس پر 7فیصد تک ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے۔

اس کے علاو مختلف سبزیوں پر پندرہ فیصد تک کسٹم ڈیوٹی لگانے کا بتایا گیا تھا۔ اسی طرح ڈیری پراڈکٹس اور تمام مشروبات پر 5 سے 10 ، پنیر پر 5 تا 6 فیصد اورتمام مچھلیوں پر بھی 3 تا 6 فیصد تک کسٹم ڈیوٹی بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔سعودی عرب کے معاشی امور کے ماہر فضل بوعنین نے کہا ہے کہ کورونا کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں 60فیصد کمی ہوگئی ہے جس کے باعث سعودی عرب کی قومی آمدنی 50 فیصد کم ہو گئی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں