جدہ میں گرفتار کیا گیا چور ہتھکڑیوں سمیت بھاگ نکلا

کار چوری میں ملوث ملزم کی بھاگنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 13 جون 2020 15:03

جدہ میں گرفتار کیا گیا چور ہتھکڑیوں سمیت بھاگ نکلا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جون 2020ء) سعودی عرب میں اپنی نوعیت کاایک منفرد واقعہ پیش آیاہے جس میں ایک چور گرفتاری کے بعد پولیس اہلکار کی گرفت سے بھاگ نکلا۔ اس واقعے کی ویڈیوبھی سامنے آئی ہے۔ المرصد کے مطابق جدہ میں پولیس نے ایک عرب نوجوان کو کار چوری کے الزام میں گرفتارکیا۔ اس واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس ملزم کو پولیس نے ہتھکڑیاں لگا رکھی ہیں۔

پولیس اہلکار کی جانب سے اس نوجوان کو پولیس اسٹیشن لے جانے کے لیے جونہی گاڑی کے قریب لایا گیا، تو وہ اپنی بے گناہی ظاہر کرنے کے لیے پولیس اہلکار سے بحث کرنے میں مصروف ہو گیا اور جونہی پولیس والے نے نوجوان کو بٹھانے کے لیے گاڑی کا دروازہ کھولا تو وہ ہتھکڑیوں سمیت وہاں سے بھاگ اُٹھا۔ پولیس اہلکار بھی اس کے پیچھے بھاگ پڑا مگر نوجوان کی پھُرتی دیکھ کر یہی محسوس ہو رہا تھا کہ وہ اتنی جلدی اس پولیس اہلکار کے قابو نہیں آئے گا۔

(جاری ہے)

تاہم پولیس کا کہنا ہے اس مفرور نوجوان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان میجر محمد الغامدی نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے نوجوان کی عمر اٹھارہ سے بیس سال کے درمیان ہے، اور اس کا تعلق ایک عرب ملک سے ہے۔ اسے کار چوری کے الزام میں پکڑا گیا تھا، مگر اس نے پولیس اسٹیشن منتقل کیے جانے سے قبل ہی فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اسے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم پر کار چوری کے ساتھ ساتھ پولیس کی حراست سے بھاگنے کے الزام میں بھی مقدمہ چلایا جائے گا۔و اضح رہے کہ چند روز قبل دو پاکستانیوں کو بھی ایک خلافِ قانون حرکت پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک ملزم ایک بلڈنگ کے سامنے خالی کھڑی پولیس کی پٹرولنگ گاڑی پر چڑھ گیا اور مختلف ایکشن مارنے لگا۔ جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اپنے موبائل سے اس کی ویڈیو اور تصویریں بناتا رہا۔

بعد میں پاکستانی ملزم نے اپنی تصویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔ جس کو دیکھ کر صارفین حیران رہ گئے کہ سعودی مملکت میں کوئی اس طرح کی حرکت اتنی دلیری سے کیسے کر سکتا ہے اور پھر اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دینا واقعی دل گُردے کا کام ہے۔ چند ناراض صارفین نے قانون کا مذاق بنانے پر پاکستانی ملزم کی پوسٹ ریاض پولیس کو رپورٹ کردی۔

پولیس نے ملزم کی نشاندہی کرنے کے بعد اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران ملزم کی جانب سے ویڈیو اور تصویریں بنانے والے پاکستانی ساتھی کی تفصیلات ظاہر کرنے پر اس کی گرفتاری بھی عمل میں آ گئی۔ ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری ایک پاکستانی ملزم کی عمر 25 سے 30سال کے درمیان ہے جبکہ دوسرے ملزم کی عمر 30سال سے زائد ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں