سعودی عرب کا نیا سرکاری نقشہ جاری کر دیا گیا

تمام نجی و سرکاری اداروں اور افراد کو نیا نقشہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 15 جون 2020 10:19

سعودی عرب کا نیا سرکاری نقشہ جاری کر دیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جون 2020ء) سعودی عرب کی جانب سے مملکت کا سرکاری نقشہ جاری کر دیا گیا ہے۔ نیا نقشہ دو زبانوں عربی اور انگریزی میں جاری کیا گیا ہے۔ سروے جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اس نقشے میں ڈیجیٹل سسٹم استعمال کیا گیا ہے جس میں سعودی مملکت کی بین الاقوامی سرحدوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ مملکت میں موجود شاہراہوں، ریلوے لائنز، قدرتی مقامات، وادیوں، زرعی فارموں، پہاڑوں، تفریحی و قابل دید مقامات کو بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے تمام سرکاری و نجی اداروں اور افراد کو نیا جاری کردہ نقشہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ نقشہ سروے جنرل اتھارٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ مملکت سعودی عرب جزیرہ نمائے عرب کے 80 فیصد رقبے پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات، اومان اور یمن کے ساتھ منسلک ملک کی سرحدوں کا بڑا حصہ غیر متعین ہے۔

وکی پیڈیا کے مطابق اندازاً اس کا رقبہ 22 لاکھ 17 ہزار 949 مربع کلومیٹر (8 لاکھ 56ہزار 356 مربع میل) ہے۔رقبے کے اعتبار سے سعودی عرب کا شمار دُنیا کے پندرہ بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ شمال مغرب میں اس کی سرحد اردن، شمال میں عراق اور شمال مشرق میں کویت، قطر اور بحرین اور مشرق میں متحدہ عرب امارات، جنوب مشرق میں سلطنت عمان، جنوب میں یمن سے ملی ہوئی ہے جبکہ خلیج فارس اس کے شمال مشرق اور بحیرہ قلزم اس کے مغرب میں واقع ہے۔انتظامی اعتبار سے سعودی عرب کو 13 علاقوں یا صوبوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں ہفتہ وار تعطیل جمعہ کو ہوتی ہے۔ قرآن مجید سعودی عرب کا آئین اور شریعت اسلامی عدالتی نظام کی بنیاد ہے۔اسلام سعودی عرب کا سرکاری مذہب ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں