”میرا چالان کیوں کیا؟“

عرب نوجوان نے گاڑی ضبط کیے جانے پرپولیس ہیڈ کوارٹر میں کھڑے متعددکرینوں کو آگ لگا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 15 جون 2020 11:29

”میرا چالان کیوں کیا؟“
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جون 2020ء) سعودی عرب میں ایک سرپھرے نوجوان نے اپنا چالان اور گاڑی ضبط کیے جانے پر سرکاری احاطے میں کھڑے متعدد کرینوں کا آگ لگا دی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق یہ واقعہ مشرقی صوبے کے ضلع جُبیل میں پیش آیا۔ جہاں پولیس نے ایک سنگین ٹریفک خلاف ورزی کی بناء پر نوجوان کی گاڑی ضبط کی اور اسے چالان کیا تو یہ نوجوان آپے سے باہر ہو گیا۔

جس کے بعد اس نے ضبط کی گئی گاڑیوں کے سرکاری احاطے میں کھڑے متعدد کرینوں کو آگ لگا کر انہیں تباہ و برباد کر دیا۔ مشرقی صوبہ کی پولیس کے ترجمان کیپٹن محمد الدریھم نے بتایا کہ آتش زدگی کی یہ واردات ایک عرب نوجوان نے انجام دی جس کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان ہے۔

(جاری ہے)

اس نوجوان کی گاڑی کا چلان کرنے کے بعد اسے قانون کے مطابق ضبط کر لیاگیا تھا۔

جس کے بعدیہ نوجوان بپھر گیا اور اس نے جُبیل کے پولیس ہیڈ کوارٹر کے ایک احاطے میں کھڑی سرکاری کرینوں کو آگ لگا دی۔ واردات کے بعد یہ نوجوان موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے اسے اگلے چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف سرکاری اثاثہ جات کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آ گئی ہے۔

جس میں نوجوان ہیڈکوارٹر کے احاطے میں گُھس کر وہاں موجود کرینوں کو آگ لگا دیتا ہے اور پھر جائے وقوعہ سے فرارہو جاتا ہے، آگ اتنی شدید تھی کہ اس کے شعلے کئی میٹر تک فضا میں بلند ہوتے رہے۔ علاقہ مکینوں میں اس آتش زدگی کی وجہ سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھا دی، مگر تب تک متعدد کرین پوری طرح آگ کی لپیٹ میں آ چکے تھے۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں