سعودی شہر جدہ کی تمام مساجد میں عید الاضحی کی نماز ادا کی جائے گی

اس بار عید کی نماز عید گاہوں کی بجائے شہر کی 915 چھوٹی بڑی مساجد میں ادا ہوں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 24 جولائی 2020 09:42

سعودی شہر جدہ کی تمام مساجد میں عید الاضحی کی نماز ادا کی جائے گی
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 2 جولائی 2020ء) سعودی شہر میں مقیم تمام افراد کو اچھی خبر سُنا دی گئی ہے کہ اس بار عید الاضحی کے موقع پر تمام بڑی چھوٹی مساجد میں عید کی نماز ادا کی جائے گی، تاہم عید گاہوں میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ فیصلہ سعودی اور تارکین باشندوں کو کورونا کی وبا سے بچانے کی خاطر کیا گیا ہے۔ جدہ کی تمام مساجد میں عید الاضحی کی نماز کے سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

مساجد کی صفائی سُتھرائی کی جا رہی ہے اور انہیں سینیٹائزبھی کیا جا رہا ہے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے عید کی نمازاور خطبہ کے لیے ائمہ اور خطیبوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ وزارت کی جانب سے ان تمام مساجد کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جہاں رواں سال عید الاضحی کی نماز پڑھائی جائے گی۔

(جاری ہے)

عید کے اجتماعات کے دوران ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی لازمی ہو گی۔

تمام افراد اپنی جائے نماز لے کر آئیں گے۔ جبکہ مساجد میں تلاوت کے لیے قرآن پاک لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔جبکہ کورونا کی وبا کے دوران تمام مساجد میں آنے والے افراد کے لیے قرآن پاک کے نسخے ہٹا دیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی وزارت اسلامی امور نے حج مقامات منی ، مزدلفہ اور عرفات کی تمام مساجد میں اصلاح ومرمت، صفائی، ایئرکنڈیشن، عبادت اور حج و دینی آگہی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے۔

تمام انتظامات کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کو مدنظررکھ کر کیے گئے ہیں۔ وزارت اسلامی امور نے مسجد نمرہ اور مسجد المشعر الحرام کو سینیٹائز کرایا ہے۔مساجد میں ہوا کی صفائی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔مسجد میں فاصلے کے لیے علامتیں لگادی گئی ہیں۔ یہ سارا کام انجینیئرز اور انتظامی عملے کے تعاون سے انجام دیا گیا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں