حرمین ٹرین کے جدہ اسٹیشن پر آگ لگ گئی

ٹرین اسٹیشن کے صحن میں بنے دفاتر جل گئے،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 اگست 2020 12:09

حرمین ٹرین کے جدہ اسٹیشن پر آگ لگ گئی
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 اگست 2020ء) حرمین ایکسپریس ٹرین کے جدہ اسٹیشن پر گزشتہ روز آگ لگ گئی، جسے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد بجھا دیا گیا۔ اُردو نیوز کے مطابق حرمین ایکسپریس ٹرین جدہ سٹیشن میں جمعرات کو آگ بھڑک اٹھی- فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا۔ مکہ مکرمہ ریجن میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن عثمان القرنی نے بتایا کہ مشترکہ آپریشن سینٹر کو 911 پرآتشزدگی کی اطلاع جمعرات کی شام کو ملی تھی- بتایا گیا کہ جدہ کے السلیمانیہ محلے میں الحرمین ٹرین سٹیشن کے صحن میں آگ لگ گئی ہے۔

القرنی نے بتایا کہ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ سمیت ریسکیو ٹیمیں متحرک کردی گئیں- معائنے سے پتہ چلا کہ آگ السلیمانیہ محلے کے الحرمین ٹرین سٹیشن کے صحن میں موجود پورٹا کیبنز میں لگی ہوئی ہے جنہیں دفاتر کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا- صحن 20x60 کے دائرے میں واقع ہے۔

(جاری ہے)

القرنی نے بتایا کہ آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔القرنی کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کرکے آگ کا دائرہ محدود کردیا گیا اور اسے آس پاس کے علاقوں تک پھیلنے سے روک دیا گیا۔

تاہم ٹیمیں آگ بجھانے کی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔مکہ مکرمہ گورنریٹ نے آتشزدگی پر مشتمل وڈیو جاری کردی- سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ حکومت کی جانب سے حرمین ٹرین سروس دوبارہ شروع کی جا رہی ہے، جس پر لوگوں کی جانب سے بہت خوشی کا اظہار کیا گیا تھا، تاہم حرمین ٹرین کی انتظامیہ کی جانب سے ان خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فی الحال حرمین ٹرین نہیں چلائی جا رہی، یہ ٹرین سروس اب ستمبر 2020ء میں چلائی جائے گی، اور اس میں سیٹوں کی گنجائش بڑھا کر زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ سفر کو مزید آرام دہ بنانے پر بھی کام ہو رہا ہے۔ اگست میں حرمین ٹرین کی بکنگ کا اعلان کیا جائے گا۔ آن لائن بکنگ کی سہولت حاصل ہوگی۔واضح رہے کہ کورونا بحران کے باعث ٹرانسپورٹ کے دیگر ذائع کے ساتھ ساتھ حرمین ٹرین کو بھی معطل کردیا گیا تھا، جسے اب دوبارہ ستمبر میں بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں