سعودی شہری کی بے پرواہی نے21افراد کو کورونا میں مبتلا کر دیا

سعودی نوجوان نے علامات ظاہر ہونے کے باوجود خاندان کے افراد سے میل جول جاری رکھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 اگست 2020 11:08

سعودی شہری کی بے پرواہی نے21افراد کو کورونا میں مبتلا کر دیا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 اگست 2020ء) سعودی عرب میں ایک مقامی شخص کی بے پرواہی نے 21افراد کو کورونا کا شکا ربنا دیا، جس میں اس کے خاندان کے 13 افراد بھی شامل ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک شخص نے خود میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے کے باوجود سماجی تنہائی اختیار نہیں کیا، اور انتہائی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر افراد سے میل جول جاری رکھا، جس کے نتیجے میں یہ وائرس دیگر افراد میں بھی منتقل ہو گیا۔

سعودی شہری نے علامات ظاہر ہونے کے باوجود اپنا کورونا ٹیسٹ نہ کروایا، جب اس کی حالت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں اس میں کورونا کی تشخیص ہوئی، تاہم اس دوران اس کے خاندان کے دیگر افراد بھی کورونا کا شکار ہو چکے تھے۔ اس کا ایک رشتہ جو اسے کچھ روز پہلے مل چکا تھا، اس نے بھی یہ نہیں سوچا کہ کورونا کے مصدقہ مریض سے ملاقات کے بعد وہ بھی اس موذی مرض میں مبتلا ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس شخص نے بھی لوگوں سے میل جول جاری رکھا، جس کے باعث مزید 8 افراد کورونا کا شکار ہو گئے۔ یوں ایک شخص کی غفلت نے اس کے خاندان کے 13 افراد سمیت 21 افراد کو کورونا کا مریض بنا دیا ۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وائرس کو روکنے کی خاطر مملکت میں پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ مملکت میں پانچ عام افراد کے اجتماعات پر بھی پابندی ہے۔

گھروں میں ایک ہی خاندان کے پانچ سے زیادہ افراد اکٹھے نہیں ہوسکتے ،وہ دوران سفر کسی آرام گاہ یا فارموں یا آبادیوں کے نزدیک کھلی جگہوں یا کیمپوں میں بھی پانچ سے زیادہ تعداد میں اکٹھے نہیں ہوسکتے ہیں۔ شادی ، جنازے ،پارٹیوں اور اسی طرح کے دوسرے اجتماعات میں بھی پانچ سے زیادہ افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی برقرار رہے گی۔مزدوروں کے ان کے گھروں سے باہر اجتماعات یا زیر تعمیر عمارتوں ، یا آرام گاہوں یا فارموں میں اکٹھے ہونے پر بھی پابندی عاید کردی گئی ہے۔

شاپنگ مالوں یا دکانوں میں خریداروں اور عملہ کے ارکان کو جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔وہ مقررہ فاصلے کی حد کی خلاف ورزی کرکے خریداری نہیں کرسکیں گے یعنی شاپنگ مالوں میں گاہکوں کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ یقینی بنایا جایا چاہیے۔ جو کوئی شخص بھی کسی اجتماع میں شرکت کرے گا یا کسی اکٹھ کا موجب بنے گا تو اس کو حکومت کی اعلان کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کا مرتکب گردانا جائے گا،وہ جرمانے اور قید کی سزا کا مستوجب ہوگا۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں