سعود ی عرب میں بدبخت بیٹے نے سفاکی کی انتہا کر ڈالی

نجران کے علاقے میں نوجوان نے والد کونیند کی حالت میں ذبح کر ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 اگست 2020 13:28

سعود ی عرب میں بدبخت بیٹے نے سفاکی کی انتہا کر ڈالی

جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2020ء) سعودی عرب میں ایک شیطان صفت جلاد بیٹے نے ایسا گھناؤنا کام کیا ہے جس سے لوگ کانپ اُٹھے ہیں۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق ایک بدبخت بیٹے نے اپنے والد کوگہری نیند کے دوران ذبح کر ڈالا اور پھر جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ جازان کے ایک دیہات میں پیش آیا ہے جہاں 25 سالہ نوجوان نے اپنے بزرگ والد کو تیز دھار خنجر سے ذبح کر کے اسے زندگی سے محروم کر دیا۔

اس واقعے کے پس پردہ محرکات فی الحال معلوم نہیں ہو سکے۔ پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان ذہنی مسائل کا شکار تھا جس کا جازان کے ارادہ ہسپتال میں علاج جاری تھا۔ گزشتہ روز اس نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اپنے والد کی گردن پر اس وقت خنجر چلا دیا جب وہ گہری نیند میں سو رہے تھے۔

(جاری ہے)

یہ شرمناک واردات انجام دینے کے بعد نوجوان جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔

تاہم پولیس کو جب اس واقعے کا پتا چلا تو مفرور نوجوان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ملزم کو 24 گھنٹے کے اندرگرفتار کر لیا۔ اس واقعے نے اہل علاقہ پر خوف و ہراس کی فضا طاری کر رکھی ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق مرنے والے بزرگ انتہائی شریف النفس اور تمیز دارشخص تھا۔ جس کا کبھی کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔ اہل علاقہ نے گرفتار ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل مکہ مکرمہ میں ایک نوجوان نے اپنی والدہ کی گردن کاٹ دی تھی اور پھر جائے واردات سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزم کو اس وقت پکڑاجب وہ ایک بازار میں سے پیدل گزر رہا تھا۔ اہل محلہ کے مطابق والدہ اپنے بیٹے کا بہت خیال رکھتی تھی، تاہم اس کا نوجوان بیٹا مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا اور پہلے بھی ایک مقدمے میں چند ماہ جیل میں گزار کر آیا تھا۔ والدہ کے بار بار سمجھانے پر بھی جرائم پیشہ نوجوان اپنی حرکات سے باز نہ آیا، بلکہ اُلٹا اپنی جنم دینے والی ماں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں