سعودی شہر طائف میں لگنے والی خوفناک آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا

محکمہ شہری دفاع کے مطابق دو روز کی کوشش کے دوران فی الحال 80 فیصد آگ بجھائی جا سکی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 ستمبر 2020 13:12

سعودی شہر طائف میں لگنے والی خوفناک آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا
طائف(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 ستمبر2020ء) سعودی عرب کے مشہور شہر طائف کے پہاڑی علاقے میں پرسوں سے بھڑکی آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا۔یہ آگ کئی کلومیٹر وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے جس کے باعث ہزاروں سرسبز درخت اور جھاڑیاں جل کر راکھ ہو چکی ہے۔ محکمہ شہری دفاع کے مطابق ثقیف کمشنری کے جبل عمد پر دو روز کی کوشش کے دوران فی الحال 80 فیصد آگ بجھائی جا سکی ہے۔

سول ڈیفنس کے اہلکار آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔اگرچہ اس آگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مگر اس سے فطری ماحول کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے، یہ علاقہ سیاحت اور تفریح کے لیے بہت مشہور تھا۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد القرنی نے کہا ہے کہ ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ آگ پر مکمل طور پر کب قابو پا لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فی الحال آگ سے متاثر بہت بڑے علاقے میں آگ بجھا دی ہے۔

آگ سے متاثرہ علاقے سے شہری آبادی بہت دُور ہے، اس لیے انسانی جانوں اور املاک کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔آگ بجھانے کا کام بہت منصوبہ بندی اور منظم انداز سے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے میں اس لیے مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ یہ دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے جہاں تک پہنچنا آسان نہیں ہوتا۔ دوسرے تیز ہواکے باعث بھی آگ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

آتشزدگی کے اسباب معلوم کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقے میں لگی آگ کے حوالے سے مکہ ریجن اتھارٹی نے ویڈیوزبھی ٹوئٹ کی ہیں۔ سول ڈیفنس کے اہلکار آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم تاحال آگ بجھانے میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں