سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کو عید الفطر پر احتیاط کرنی ہوگی

سعودی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ عید پر20 سے زائد افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 مئی 2021 12:41

سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کو عید الفطر پر احتیاط کرنی ہوگی
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی2021ء) سعودی عرب میں عید الفطر کے خوشیوں بھرے تہوار کے حوالے سے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ اس تہوار کی آمد میں اب چند روز ہی باقی ہیں۔ لوگوں کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی اپنے گھر والوں کے بغیر ہی عید منائیں گے۔ پاکستانی کارکنان عید کی ان تعطیلات میں اپنے ساتھیوں سمیت اکٹھے ہوتے ہیں، خوب ہلہ گُلہ اور موج مستی کرتے ہیں۔

کھانے پینے کی دعوتیں اُڑائی جاتی ہیں، سیر و تفریح کے پروگرام بنتے ہیں۔ اس طرح ان کی گھر والوں سے دُوری کی اُداسی کچھ حد تک کم ہو جاتی ہے۔ تاہم اب کورونا وبا کی وجہ سے حالات بہت مختلف ہیں۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے خبردار کیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر لوگوں کو بڑے بڑے ہجوم لگانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

کسی بھی نجی اور سماجی تقریب کے دوران زیادہ سے زیادہ 20 افراد اکٹھے ہو سکیں گے۔

اگر کسی بھی اندرونی یا بیرونی مقام پر 20 سے زائد افرادنظر آئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر العالی نے یہ بات ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عید الفطر کی نماز ادا کرتے وقت حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔ کیونکہ تھوڑی سی لاپروائی سے کورونا کی وبا بے قابو ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ خصوصاً جن افراد نے ویکسین نہیں لگوائی ، وہ عید کے موقع پر تقریبات اور اجتماعات میں شرکت سے گریز کریں یا پھر ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار رکھنے کی ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔

دوسری جانب سعودی محکمہ پاسپورٹ جوازات کی جانب سے خوش خبری دی گئی ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران اس کے بہت سے دفاتر کھُلے رکھے جائیں تاکہ لوگوں کو ان کے فوری اور ہنگامی نوعیت کے معاملات نمٹانے میں کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جوازات کی جانب سے شہریوں ، تارکین اور زائرین سے کہا گیا ہے کہ وہ عید الفطر کے دوران ابشر، ابشر اعمال اور بوابة مقیم جیسے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے پاسپورٹس سے متعلق سہولیات سے استفادہ کریں ۔

ان آن لائن پلیٹ فارمز کے قیام کا مقصد ہی یہ ہے کہ لوگوں کو جوازات کے دفاتر آنے کی زحمت گوارا نہ کرنی پڑے اور گھر بیٹھے ہی آن لائن ان کے مسائل اور معاملات نمٹ جائیں۔ تاہم کچھ ایسے ضروری معاملات ہوتے ہیں جو آن لائن انجام نہیں دیئے جا سکتے، ان ہنگامی اور فوری نوعیت کے معاملات نمٹانے کے لیے عید الفطر کی تعطیلات کے موقع پر جوازات کے کچھ دفاتر کھُلے رکھے جائیں گے جہاں سپیشل کاؤنٹرز پرموجود عملہ صارفین کو رہنمائی فراہم کرنے کے علاوہ ان کے کام بھی نمٹائے گا۔ جوازات کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ جن صارفین کو ابشر پلیٹ فارم سے آن لائن سروسز کے حوالے سے کوئی مشکل پیش آ رہی ہو ، وہ ’تواصل‘ سروس سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں