سعودی شہزادے کے قافلے پر مسلح ڈکیتی کرنے والوں کو سزا سُنا دی گئی

فرانسیسی عدالت نے 6 ملزمان کو سات سال تک قید کی سزا دے دی، ملزمان نے لاکھوں یورو، زیورات اور 3 لاکھ ڈالر کی قیمتی گھڑیوں لوٹی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 مئی 2021 15:02

سعودی شہزادے کے قافلے پر مسلح ڈکیتی کرنے والوں کو سزا سُنا دی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی2021ء) سعودی عرب کے مشہور شہزادے کے قافلے پر حملہ کر کے لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف عدالت نے فیصلہ سُنا دیا ہے۔ ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ سال 2014ء میں فرانس کے دارالحکومت میں پیش آیا تھا۔ جب سعودی شہزادے کی گاڑیوں کا قافلہ پیرس کے ہوٹل سے نکل کر ایئرپورٹ کی جانب جا رہا تھا۔

اس کاررواں میں 10 گاڑیاں شامل تھیں۔ اچانک چند نقاب پوش حملہ آوروں نے اس قافلے کی پہلی گاڑی کو روکا اور اس میں سوار افراد کو اسلحے کی نوک پر باہر کھینچ کر ان کے پاس موجود بھاری نقدی ، زیورات اور گھڑیاں چھین کر فرار ہو گئے تھے۔ اس واردات کی رپورٹ درج کروائی گئی تھی۔ بالآخر پولیس نے کئی ماہ کی جدوجہد کے ان ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں ان کے ٹھکانوں سے گرفتار کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت میں استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمان نے 2014ء میں ڈکیتی کی یہ واردات انجام دی تھی۔ اس واردات میں سات ملزمان پر فردِ جُرم عائد کی گئی تھی کہ انہوں نے سعودی شہزادے کی 10 گاڑیوں کے قافلے کی اگلی گاڑی کو روک کر اس میں سوار افراد سے 2 لاکھ 50 ہزار یورو، لاکھوں ریال کے زیورات اور 3 لاکھ ڈالر کی قیمتی گھڑیاں لُوٹ لی تھیں۔ ملزمان نے گاڑی میں سوار افراد کو نقصان نہیں پہنچایا تھا اور نہ ہی گولی چلانے کی نوبت آئی تھی۔

پیرس کی کریمنل کورٹ نے سات برس قبل ہونے والی ڈکیتی کی اس واردات کا فیصلہ سُنا دیا جس کے تحت ایک ملزم کو ثبوت نہ ہونے پر بری کر دیا گیا ہے جبکہ باقی چھ ملزمان کو 3 سے 7 برس تک قید کی سزا سُنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس واردات کا دُنیا بھر میں بہت زیادہ چرچا ہوا تھا اور پیرس کی پولیس کی کارکردگی پر بھی بہت نکتہ چینی ہوئی تھی۔ اگرچہ ملزمان نے کوئی سراغ نہیں چھوڑا تھا، تاہم پولیس نے جدید ترین انویسٹی گیشن تکنیک اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزمان کو بالآخر گرفتار کر لیا تھا۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں