سعودیہ نے تعمیراتی میدان میں بہت بڑا کارنامہ انجام دے دیا

جدہ میں دُنیا کا سب ے بڑا بغیر ستونوں والا گنبد تیار ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 7 جون 2021 12:11

سعودیہ نے تعمیراتی میدان میں بہت بڑا کارنامہ انجام دے دیا
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 جون2021ء) سعودی عرب گزشتہ چند سالوں سے ہر شعبے میں ترقی کر رہا ہے۔ سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت سمیت کئی میدانوں میں سعودی افراد نئی سے نئی کامیابیاں حاصل کر کے دُنیا بھر میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ آج سے چند دہائیوں پہلے مملکت میں تعلیمی پسماندگی عام تھی، یہاں تک کہ کنوؤں سے تیل نکالنے کے لیے بھی دُنیا بھر کے ماہرین اور کارکنان کی خدمات حاصل کی جاتی تھیں۔

اب سعودی باشندے ہر شعبے میں اعلیٰ تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ سعودیہ میں شاندار بلند و بالاعمارات موجود ہیں جو اپنے منفرد طرز تعمیر کی وجہ سے دُنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں۔ تاہم اب سعودی عرب میں ایک ایسا تعمیراتی شاہکار وجود میں آ گیا ہے جس کا پوری دُنیا میں چرچا ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابقسعودیہ کے جدہ شہر میں دُنیا کا سب سے بڑا گنبد تیار کیا گیا ہے۔

جسے جدہ سُپر ڈوم کا نام دیا گیا ہے۔ اس گنبد کی خاصیت یہ ہے کہ یہ کسی ستون کے بغیر تیار کیا گیا ہے جو پوری دُنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا گنبد ہے۔ شاہ عبداللہ اسپورٹس سٹی کے مغرب میں مدینہ منورہ روڈ پر تیار کردہ اس گنبد کا اندرونی رقبہ 34 ہزار مربع میٹر ہے اور اس کی اونچائی46 میٹر جب کہ قطر 210 میٹر ہے۔ یہاں پرہونے والی مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے لیے 5200 گاڑیوں کو پارک کرنے کی گنجائش ہے۔

توقع ہے کہ اس گنبد نما سینٹر کا افتتاح پرسوں بدھ کو مکہ معظمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل کریں گے۔ اس سنٹر میں ڈیجیٹل منصوبوں کے انعقاد اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ مکہ معظمہ میونسپلٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر ہونے والی تمام سرگرمیوں اور تقریبات کو پہلی بار ایک ہفتے کے دوران منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان تقریبات میں حکومتی اداروں کے علاوہ نجی شعبہ بھی بھرپور شرکت کرے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں