سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹرعبدالفتاح المشاط نے اس سال عازمین حج سے متعلق شرائط کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال حج کے عازمین کی اہم ترین شرط ویکسین ہے

irfan khatana عرفان کھٹانہ پیر 7 جون 2021 22:01

جدہ (رپورٹ حافظ عرفان کھٹانہ، اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جون2021ء) سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹرعبدالفتاح المشاط نے اس سال عازمین حج سے متعلق شرائط کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال حج کے عازمین کی اہم ترین شرط ویکسین ہے۔ امیدوار ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکا ہو یا کوئی ایک خوراک لی ہو یا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحت پاچکا ہو۔

یہ اس سال حج کےعازمین کی بنیادی شرط ہوگی سعودی وزارت حج و عمرہ کے نائب وزیر  ڈاکٹر عبدالفتاح المشاط نے کہا کہ حج کا طریقہ کار جامع ہوگا۔ اس کے تحت کسی خاص ملک یا کسی ادارے کی نشاندہی نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت حج و عمرہ متعلقہ اداروں کی شراکت سے حاجیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے والے تمام قواعد و ضوابط، انتظامات و اقدامات ترتیب دے رہی ہے‘۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والے اس دعوے کی تردید کی جس میں کہا جارہا تھا کہ اس سال ساٹھ ہزار افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی۔ نائب وزیر حج نے کہا کہ ابھی تک اس سال عازمین حج کی باقاعدہ تعداد متعین کی گئی ہے اور نہ اس کا اعلان ہوا ہے۔ حج اسکیمیں تیار کی جارہی ہیں مکمل ہونے پر حاجیوں کی تعداد کا اعلان ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں