سعودی عرب میں سورج آگ برسانے پر تُل گیا

سعودی شہر ینبع دُنیا کا تیسرا گرم ترین شہر بن گیا، السابعہ میں درجہ حرارت 46.4 ڈگری ، وادی الدواسر میں 46 ڈگری ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 جون 2021 17:43

سعودی عرب میں سورج آگ برسانے پر تُل گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 جون 2021ء) سعودی عرب میں سورج اس وقت گرمی نہیں، بلکہ آگ کا قہر برسا رہا ہے۔ اس بار سعودی عرب میں لگتا ہے جیسے گرمی کے ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔ اس وقت سب سے زیادہ گرمی مغربی شہر ینبع میں پڑ رہی ہے، جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ جو اس وقت گرمی کے اعتبار سے دُنیا بھر میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

سعودی ماہر موسمیات اور القصیم یونیورسٹی میں شعبہ موسمیات کے سابق سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ المسند ایک ٹویٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ینبع شہر کا درجہ حرارت 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد یہ شہر دنیا کا تیسرا گرم ترین شہر بن گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ السابعہ شہرمیں درجہ حرارت 46.4 ڈگری، وادی الدواسر 46 ڈگری درجہ حراست کے ساتھ سعودی عرب کے گرم ترین علاقے ثابت ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سعودیعرب کے پانچ جزیرے سخت گرمی کی لپیٹ میں آئیں گے۔ مشرق میں پاکستان اور مغرب میں افریقی خطہ گرمی کا مرکز ہوگا۔ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے آنے والے دنوں کے موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ دن کے دوران موسم گرم موسم جب کہ رات کو معتدل ہوگا۔ مکہ مکرمہ ، الباحہ ، عسیر ، جازان اور سلطنت عمان کے بلند مقامات پر ہلکی بارش کی بھی توقع ہے۔

واضح رہے کہ سعودی محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے بتایا ہے کہ اس بار مملکت میں موسم گرما شدید ترین ہوگا۔ خصوصاً اگست کا مہینہ گرم ترین ہوگا۔ اس بار اگست میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑے گی۔ القحطانی نے بتایا کہ اس بار سب سے زیادہ گرمی جدہ میں پڑے گی جہاں درجہ حرارت 53ڈگری تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے 2010ء میں بھی اس شہر میں چھاؤں میں درجہ حرارت52.3 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

اس سال دُنیا بھر میں گرمی کے لحاظ سے جدہ دوسرے نمبر پر تھا۔ جبکہ پہلے نمبر پر سب سے زیادہ گرمی پاکستانی شہر موہنجو داڑو تھا، جہاں درجہ حرارت 53.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔سعودی ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ نئی لہر سے سعودیہ کے پانچ علاقے گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ جن میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الربع الخالی، الشرقیہ کے علاقے، ریاض اور قصیم شامل ہیں۔ اس نئی لہر کے بعد مملکت میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے 49 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں