سعودی عرب اب سیاحت سے اور زیادہ آمدنی حاصل کرے گا

سعودی مملکت میں تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے مزید 624 مقامات کو آثار قدیمہ میں شامل کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جون 2021 13:22

سعودی عرب اب سیاحت سے اور زیادہ آمدنی حاصل کرے گا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جون2021ء) سعودی عرب مذہبی سیاحت کے اعتبار سے دُنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ ہر سال دُنیا بھر سے ایک کروڑ سے زائد افراد حج اور عمرہ کی غرض سے سعودی مملکت کا رُخ کرتے ہیں۔ جس کی وجہ سے سعودی عرب کو بہت زیادہ آمدنی حاصل ہونے لگی ہے۔سعودیہ کی جانب سے مغربی ممالک کے سیاحوں کو راغب کرنے کی خاطر بھی تاریخی، ساحلی اور ثقافتی مقامات کو ترقی دی گئی ہے۔

جس کے بعد مملکت میں غیر مسلم سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودیہ نے اب بین الاقوامی سیاحت کو بڑھانے کے لیے بڑا اقدام اٹھایا ہے جس سے مملکت کو سیاحت کے ضمن میں اربوں ریال کی بڑی کمائی ہو گی۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کی ثقافتی ورثہ اتھارٹی نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران قومی سطح پر تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل 624 نئے مقامات اور جگہوں کا اندراج کیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے ہیری ٹیج کمیشن کی طرف سینئے مقامات کی شمولیت کے بعد مملکت میں اب تک سرکاری سطح پرتاریخی اور ثقافتی مقامات کی تعداد 8 ہزار 176 ہوگئی ہے۔ثقافتی ورثہ کمیشن کے ’سی ای او‘ جاسر الحربش نے وضاحت کی کہ جن آثار قدیمہ کی جگہوں کو اندراج کے لئے منظور کیا گیا ہے ان میں مکہ مکرمہ کے 38 آثار قدیمہ کے مقامات اور مدینہ منورہ میں 5 سائٹس شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہاڑی علاقے میں 48 ، الجوف میں 54 ، عسیر خطے میں 52 ، تبوک میں 35 مقامات کے علاوہ شمالی سرحدی خطے میں 4 سائٹس کا اندراج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ الریاض میں 342 ، مشرقی صوبے میں 25 ، قصیم میں 18 ، جازان میں 3 جگہوں کوتاریخی مقامات میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔الحربش نے وضاحت کی کہ ورثہ اتھارٹی نوادرات ، عجائب گھروں اور شہری ثقافتی ورثہ قانون کے آرٹیکل 8 کے دوسرے پیراگراف کے تحت آثار قدیمہ کے مقامات رجسٹریشن کی مجاز ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں