سعودیہ میں مسلسل بارش کے بعد شہری آبادی میں سینکڑوں سانپ نکل آئے

متعدد سانپوں کی جگہ جگہ موجودگی کی ویڈیو وائرل، جازان میں خوف و ہراس پھیل گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 جولائی 2021 13:29

سعودیہ میں مسلسل بارش کے بعد شہری آبادی میں سینکڑوں سانپ نکل آئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جولائی 2021ء ) سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں کل جمعرات کی صبح سے مسلسل بارش جاری ہے۔ گرمیوں کے موسم کی اس بارش کی وجہ سے زمین نرم پڑ گئی ہے اور نچلی تہوں میں دھنسے ہوئے حشرات الارض بھی باہر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ سعودی میں حالیہ بارش کے بعد جزان کے علاقے میں سینکڑوں سانپوں کی موجودگی کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

اس حوالے سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور حکام سے ان سانپوں کو فوری طور پر تلف کرنے کی اپیل کر دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو کسی جان نقصان سے بچایا جا سکے۔ اُردو نیوز کے مطابق جازان ریجن میں بارش کے بعد بڑی تعداد میں سانپ سیلابی پانی کے ساتھ بہتے ہوئے شہری آبادی میں پہنچ گئے۔ سانپوں کی اس قدر زیادہ تعداد کودیکھ کرلوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایسی ایک ویڈیو میں بڑی تعداد میں سانپوں کو رینگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ جاری بارش کی وجہ سے قریبی وادی میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی۔ جس کے سبب پانی سانپوں کے بلوں میں بھرجانے کے باعث بڑی تعداد میں سانپ پانی کے ساتھ بہتے ہوئے آبادی کے قریب پہنچ گئے۔سانپوں کا پانی کے ساتھ بہہ کر آنے والا واقعہ جازان ریجن کی مشرقی کمشنری ’العارضہ‘ میں پیش آیا۔

سانپوں کے نکل آنے کی خبرعلاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔علاقے کے رہائشیوں کا کہنا تھا کہ لوگوں نے بڑی تعداد میں سانپوں کو مارا تاکہ وہ کسی کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔ ریجن میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے لوگوں کو توقع ہے کہ سانپ نکلنے کا واقعہ دوبارہ بھی پیش آسکتا ہے کیونکہ برساتی پانی جب سانپوں کے بلوں میں بھر جاتا ہے وہ وہ باہر نکل آتے ہیں اور پانی کے ساتھ بہتے ہوئے خشک جگہ تک پہنچ جاتے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں