سعودیہ میں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، والد دو بیٹیوں سمیت جاں بحق

یہ واقعہ طائف کے ایک دیہی علاقے میں پیش آیا، جب سعودی خاندان کی گاڑی وادی عبور کر رہی تھی، واقعے کی ویڈیو وائرل

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 جولائی 2021 15:27

سعودیہ میں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، والد دو بیٹیوں سمیت جاں بحق
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی 2021ء) سعودی عرب میں گزشتہ دو روز سے مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی مقامات پر کئی کئی فٹ گہرا پانی کھڑا ہو گیا ہے۔ سعودی شہر طائف کے ایک نواحی علاقے میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ قیا کے دیہی علاقے کی ایک وادی میں پیش آیا۔ جب ایک سعودی شہری اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ گاڑی پر وادی عبور کر رہا تھا۔ تاہم اسی دوران پانی کا ایک تیز ریلہ آیا اور اس بدنصیب خاندان کی گاڑی کو دُور تک بہا کر لے گیا۔یہ طغیانی اتنی تیز تھی کہ سعودی شہری کو اپنی اور اپنی بیٹیوں کی قیمتی جانیں بچانے کا موقع بھی نہ مل سکا اور گاڑی مکمل طور پر پانی کے بہاؤ میں ڈوب گئی۔

(جاری ہے)

جازان میں بھی حالیہ بارشوں نے سیلابی صورت حال پیدا کر دی ہے۔ یہاں پر بھی ایک گاڑی سیلابی ریلے میں پھنس گئی تھی تاہم اس میں سوار افراد کو بمشکل بچا لیا گیا۔ ورنہ ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آ سکتا تھا۔ واضح رہے کہ اس وقت بھی نجران، جازان اور عسیر سمیت کئی ریجنز میں موسلادھار بارشیں جاری ہیں جن کی وجہ سے یہاں پر طغیانی آ گئی ہیے۔

جس کے بعد محکمہ شہری دفاع نے وارننگ جاری کی ہے کہ نشیبی علاقوں میں بلاضرورت جانے سے گریز کیا جائے ۔ خصوصاً سیر و تفریح کے لیے اس خراب موسم میں جانے سے باز رہیں کیونکہ کئی وادیوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے اور کئی مقامات پرکئی فٹ گہرا پانی بھی کھڑا ہوچکا ہے۔ موسم سے متعلق ہدایات اور وارننگز پر پوری طرح عمل کیا جائے۔موسمیات کے قومی مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ آج ہفتہ کے روز مملکت کے متعدد علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔

گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں کے باعث ریاض، نجران، جازان، باحہ اور عسیر کے کئی علاقوں میں طغیانی کی صورت حال پیدا ہو جائے گی۔ ان علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ جبکہ بارش سے قبل تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ اس کے علاوہ مکہ کے پہاڑی علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب مشرقی ریجن، ریاض، مکہ اور مدینہ ریجن کے کئی علاقوں میں گرم گرد آلود ہوائیں چلیں گی جس سے حد نظر محدود ہو جائے گی۔ ڈرائیورز کو شدید پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے انہیں محتاط ڈرائیونگ کرنا ہوگی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں