سعودیہ میں کورونا سے متاثرہ بچوں کے حوالے سے اہم اعلان ہو گیا

سعودی وزارت تعلیم کے مطابق کورونا سے متاثرہ طالب علم کو10 تک روز سکول آنے کی اجازت نہیں ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 24 اگست 2021 09:02

سعودیہ میں کورونا سے متاثرہ بچوں کے حوالے سے اہم اعلان ہو گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔24 اگست 2021ء) سعودی عرب میں اگلے ہفتے سے گرمیوں کی تعطیلات ختم ہو رہی ہیں جس کے بعد یکم ستمبر سے مملکت بھر کے تمام اسکولز میں بچوں کی آمد شروع ہو جائے گی۔ اس حوالے سے سعودی وزارت تعلیم کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ اگر کسی طالب علم میں کورونا کی تشخیص ہوئی تو اسے اگلے دس روز تک اسکول آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

سعودی وزارت تعلیم کی جانب سے یہ بات سکولوں میں طلبا کی واپسی سے قبل کورونا ایس او پیز کے حوالے سے جاری ایک گائیڈ بک میں بتائی گئی ہے۔ اس گائیڈ بک میں بتایا گیا ہے کہ اسکولز میں صبح کی اسمبلی نہیں ہو گی۔ تمام طلبا سماجی فاصلے کے ضابطے پر عمل کرتے ہوئے سیدھا کلاس رومز جائیں گیااور کسی بھی جگہ پر جمگھٹا نہیں لگائیں گے۔

(جاری ہے)

سکولز کے کیفے ٹیریاز اور بوفے مراکز فی الحال بند رہیں گے۔

تمام طلبا کو لنچ کلاس روم میں اپنی جگہ پر بیٹھ کر ہی کرنا ہوگا۔والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی صحت کا خصوصی دھیان رکھیں۔ اگر ان کے بچے میں کورونا کی کوئی علامات دکھائی دیں تو اسے اسکول جانے سے روک دیں اور ٹیسٹ کروا کر تسلی کریں۔ اگر بچے میں کورونا کی تشخیص ہوتی ہے تو سکول انتظامیہ کو بھی فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ تاکہ بچے سے رابطے میں رہنے والے ساتھی طلبا اور ٹیچرز کی صحت کی جانچ ہو سکے۔

دوسری جانب سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے بتایا ہے کہ سعودی اسکولز کے 93 فیصد طلبہ کو کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لگا دی گئی ہے۔ اگلے ہفتے سے لاکھوں مقامی اور تارکین بچوں کی اسکولز میں آمد شروع ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں اب 12 سے 17 سال کے کم سن افراد کو بھی امریکی ویکسین موڈرنا لگائی جائے گی۔ سعودی ڈرگ اینڈ فوڈ اتھارٹی نے اس ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے بعد اسے بچوں اور نابالغ افراد کے لیے موثر قرار دیا ہے اور اس کے کسی طرح کے مضر اثرات ظاہر نہیں ہوئے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں