سعودیہ میں طوفانی بارشیں اور ژالہ باری نے دھرتی پر سفید چادر بچھا دی

طائف کی وادی البھیتہ میں ژالہ باری کے دلکش مناظر کی ویڈیوز سامنے آ گئیں، آج مکہ ، نجران اور جازان میں بھی بارش کا امکان ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 اگست 2021 07:59

سعودیہ میں طوفانی بارشیں اور ژالہ باری نے دھرتی پر سفید چادر بچھا دی
ریاض (اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26اگست2021ء ) سعودی عرب میں اس وقت کہیں پر شدید گرمی پڑ رہی ہے تو کہیں پر بارانِ رحمت خوب برس رہا ہے جس سے ان علاقوں کا موسم ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ سعودیہ میں چند روز سے طوفانی بارشیں اور ژالہ باری بھی ہو رہی ہے۔ طائف کے علاقے السیل الکبیر کی وادی البھیتہ میں گزشتہ روز ہونے والی بارش اور پھر ژالہ باری نے دھرتی پر سفید چادر اوڑھ دی۔

اس خوب صورت نظارے کی درجنوں ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز شدید بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مملکت کے کئی علاقوں میں تیز اور درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔ خصوصاً مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الریاض، نجران، عسیر اور باحہ میں شدید بارشیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

موجودہ بارشوں کی وجہ سے بھی کئی مقامات پر طغیانی آ گئی ہے۔ جبکہ گرد آلود ہواؤں کے جھکڑ بھی چلیں گے۔ شہری دفاع کے محکمے نے لوگوں کو وارننگ جاری کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں بلاضرورت جانے سے گریز کیا جائے ۔ خصوصاً سیر و تفریح کے لیے اس خراب موسم میں جانے سے باز رہیں کیونکہ کئی وادیوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے اور کئی مقامات پرکئی فٹ گہرا پانی بھی کھڑا ہوچکا ہے۔

موسم سے متعلق ہدایات اور وارننگز پر پوری طرح عمل کیا جائے۔ خراب موسم کے دوران گھر سے زیادہ دُور کا سفر کرنے سے گریز کیا جائے۔ خصوصاً وادیوں اور نشیبی علاقوں کے لوگ زیادہ احتیاط سے کام لیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور ژالہ باری کا یہ سلسلہ مدینہ کے ساحلی اور بالائی مقامات کے علاوہ آس پاس کے دیگر مقامات پر بھی پھیل سکتا ہے۔ آج مملکت میں سب سے زیادہ گرمی الاحسا اور حفر الباطن میں ہو گی جہاں درجہ حرارت 47ڈگری تک پہنچ جائے گا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت السودہ میں 13 سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments