سعودیہ ؛ پاکستانی کی سیمنٹ کھاکر خودکشی کرنے کی کوشش‘ ڈاکٹروں نے جان بچالی

سیمنٹ کھانے کی وجہ سے پاکستانی کارکن کے معدے میں سیمنٹ کی تہہ بن گئی ، اس کے باعث ہونے والے شدید درد کی وجہ سے اس شخص ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 نومبر 2021 11:16

سعودیہ ؛ پاکستانی کی سیمنٹ کھاکر خودکشی کرنے کی کوشش‘ ڈاکٹروں نے جان بچالی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 نومبر 2021ء ) سعودی عرب میں سیمنٹ کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کرنے والے پاکستانی باشندے کی ڈاکٹروں نے جان بچالی ۔ سعودی یڈیا کے مطابق پاکستانی کارکن نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے سیمنٹ کھا لیا ، جس کی وجہ سے اس کے معدے میں سیمنٹ کی تہہ بن گئی ، اس کے باعث ہونے والے شدید درد کی وجہ سے اس شخص کو علاج کے لیے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز ہسپتال کے طبی عملے نے پاکستانی کارکن کے مختلف ایکسرے کیے جن کی روشنی میں فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ، جب آپریشن شروع ہوا تو یہ مسلسل 3 گھنٹے تک جاری رہا ، اس دوران ڈاکٹروں کی ٹیم نے معدے سے سیمنٹ کی تہہ صاف کر دی جو کہ اس کی آنتوں میں جما ہوا تھا ، سیمنٹ صاف کیے جانے کے بعد 30 سالہ پاکستانی شہری کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب میں ایک نوجوان نے والدین کے درمیان طلاق واقع ہو جانے کے بعد خود کشی کر لی تھی ، اس واقعے نے سعودی عوام کو بے حد سوگوار کر دیا ، یہ واقعہ القریات میں پیش آیا جہاں سعودی نوجوان نے گلے میں پھندا ڈال کر اپنی جان لے لی ، بدنصیب نوجوان کی والدہ نے بتایا کہ اس کی اپنے شوہر سے نہیں بنتی تھی جب کہ بچے بھی اپنے باپ سے نالاں اور خوف زدہ رہتے تھے کیوں کہ اس کا ہم سب سے رویہ بہت تذلیل بھرا ہوتا تھا ، میرا شوہر مجھے بھی تشدد کا نشانہ بناتا رہتا ہے ، آخر کار میں نے اپنے شوہر کے بار بار کے تشدد سے تنگ آ کر عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا، جس کی مجھے ڈگری جاری ہو گئی تھی ، یہ صورت حال میرے بیٹے کے لیے بہت پریشان کن تھی۔

خاتون نے بتایا کہ میرے بیٹے کے ساتھ اس کے والد کا نامناسب رویہ جاری رہا ، اسی ذہنی دباؤ کے تحت اس نے اپنی جان لینے کا فیصلہ کیا ، خود کشی سے قبل اس نے مجھے موبائل پر الوداعی پیغامات بھیجے اور خدا حافظ بھی کہا تھا ، میں اسے بچا نہیں سکی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں