سعودیہ میں تندوروں پر روٹیاں لگانے والے پاکستانی کارکنوں کیلئے انتباہ

روٹی کے پیکٹ وزن 510 گرام سے کم کرنے پر 3 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ سعودی بلدیہ حکام

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 17 دسمبر 2021 10:48

سعودیہ میں تندوروں پر روٹیاں لگانے والے پاکستانی کارکنوں کیلئے انتباہ
جدہ ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 دسمبر 2021ء ) سعودی عرب میں تندوروں پر روٹیاں لگانے والے پاکستانی کارکنوں کیلئے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ روٹی کے پیکٹ وزن 510 گرام سے کم کرنے پر 3 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ اردو نیوز نے عکاظ اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جدہ میونسپلٹی نے روٹی کے پیکٹ کے معیاری وزن کو چیک کرنے کے لیے بیکریوں پر چھاپے مارے ، اس دوران میونسپلٹی انسپکٹرز نے الصفا محلے کی بیکریوں کے خصوصی دورے کیے جہاں متعدد خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں۔

بلدیہ کے حکام نے کہا ہے کہ چیکنگ کے دوران چند بیکریوں میں زنگ آلود آلات کا استعمال دیکھا گیا ، ایک مشہور بیکری کے عملے کی جانب سے حفظان صحت کے ضوابط کی خلاف ورزیاں کی جارہی تھیں ، جہاں عملے کے ارکان ناصرف ماسک استعمال نہیں کر رہے تھے بلکہ انہوں نے دستانے بھی نہیں پہنے ہوئے تھے ، اس کے علاوہ بیکری میں پکی ہوئی اشیاء کو ذخیرہ کیا گیا تھا اور آٹے کے پیڑے بھی فروزن پائے گئے۔

(جاری ہے)

جدہ میونسپلٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کئی مقامات پر روٹی کے پیکٹ کا وزن 510 گرام سے کم پایا گیا حالاں کہ ضوابط کے تحت روٹی کے پیکٹ کا کم از کم وزن 510 گرام ہونا ضروری ہے ، وزن کم کرنے پر 3 ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا ، اسی طرح تفتیشی عمل کے دوران یہ بات بھی چیک کی گئی کہ آیا بیکریوں کی انتظامیہ گرم روٹی پیک کرنے کے لیے کاغذ کی تھیلیاں استعمال کر رہی ہے یا نہیں ، اس کے علاوہ بیکریوں میں آٹے کا معیار بھی چیک کیا گیا۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں