جدہ میں تیز رفتارگاڑی مسجد کی دیوار سے ٹکرا گئی‘ 5 افراد زخمی‘ ویڈیو سامنے آگئی

جدہ کے جنوب مشرقی علاقے المنتزھات میں ایک گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکرمسجد کی دیوار سے ٹکرائی

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 دسمبر 2021 11:24

جدہ میں تیز رفتارگاڑی مسجد کی دیوار سے ٹکرا گئی‘ 5 افراد زخمی‘ ویڈیو سامنے آگئی
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 دسمبر 2021ء ) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں تیز رفتارگاڑی مسجد کی دیوار سے ٹکرا گئی‘ جس سے 5 افراد زخمی ہوگئے‘ واقعے کی ویڈیو سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق جدہ کے جنوب مشرقی علاقے میں ایک گاڑی مسجد کی دیوار سے اس شدت کے ساتھ ٹکرائی کہ مسجد کی دیوار بھی ٹوٹ گئی اور اس واقعے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ اس ضمن میں جدہ کے محکمہ ٹریفک پولیس سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جدہ کے جنوب مشرقی علاقے المنتزھات میں ایک گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکرمسجد کی دیوار سے ٹکراگئی۔

 

بتایا گیا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملنے پر شہری دفاع ، ہلال الاحمر اور ٹریفک پولیس کے یونٹ فوری طور پر جائے حادثہ پرپہنچ گئے ، جہاں امدادی ٹیموں نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طورپرطبی امداد دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا۔

(جاری ہے)


یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودیہ میں گزشتہ کچھ عرصہ سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہونے لگا ہے، ہر روز کسی نہ کسی ٹریفک حادثہ میں لوگوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اس حوالے سے سعودی پبلک پراسیکیوشن نے وارننگ جاری کردی ہے کہ تیز رفتار سے گاڑی چلانا ایک سنگین جرم ہے جس پر قید بھی ہو سکتی ہے، حدِ رفتار سے زیادہ تیز گاڑی چلانا ڈرائیور کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کی زندگی کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے۔

پبلک پراسیکیوشن نے واضح کیا ہے کہ جن شاہراہوں پر حدِ رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، اگر کسی نے اس سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ اضافی رفتار سے گاڑی چلائی اور اس دوران کوئی حادثہ پیش آگیا تو اسے سنگین جرم شمار کر کے مقدمہ چلایا جائے گا، یہی صورت حال 120 کلومیٹر حدِ رفتار والی شاہراہ پر 50 کلومیٹر فی گھنٹہ اضافی رفتار سے گاڑی چلانے پر لاگو ہو گی ، حدِ رفتار سے تجاوز کے دوران کسی حادثے کے نتیجے میں کسی شخص کی موت واقع ہونے، معذوری ہونے یا ایسی گہری چوٹ آنے جس کی شفایابی پر 21 روز سے زائد گزر جائیں، ان تمام صورتوں میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں