جدہ ؛ غیرملکیوں کی رہائش والے محلے مسمار کرنے کی ایک اور وجہ سامنے آگئی

شہر میں جرائم کی زیادہ شرح جدہ کے پرانے محلوں میں ہے جہاں چوری ، لوٹ مار، منشیات اور انسانی تجارت میں ملوث گروہ پناہ لیے ہوئے تھے‘ ان محلوں سے 100 کلو سونا اور60 ملین ریال کیش ضبط کرلیا گیا ۔ پولیس

Sajid Ali ساجد علی منگل 15 فروری 2022 15:39

جدہ ؛ غیرملکیوں کی رہائش والے محلے مسمار کرنے کی ایک اور وجہ سامنے آگئی
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 فروری 2022ء ) غیرملکیوں کے قیام والے جدہ کے پرانے محلے مسمار کرنے کی ایک اور وجہ سامنے آگئی ۔ سعودی عرب کی سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے سربراہ جنرل صالح الجابری نے کہا ہے کہ جدہ شہر میں جرائم کی زیادہ شرح پرانے محلوں میں ہے جہاں چوری ، لوٹ مار، منشیات اور انسانی تجارت میں ملوث گروہ پناہ لیے ہوئے تھے‘ ان محلوں سے 100 کلو سونا اور60 ملین ریال کیش ضبط کرلیا گیا ۔

انہوں نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سے ضبط ہونے والی یہ رقم غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھیجی جانے والی تھی ، ان پرانے محلوں کو گرانے کے دوران کنگ عبد العزیز ایئرپورٹ پر اسی محلے کے افراد 10 ملین ریال سامان میں چھپا کر بیرون ملک لے جانے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے ، اس کے علاوہ محلوں کو گرانے کے دوران 10 ہزار غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے 34 محلوں کو مسمار کرکے جدید طرز پر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جدہ کے میئر صالح الترکی نے کہا ہے کہ شہر کے کل 64 بے ترتیب محلوں میں سے 34 کو دوبارہ ترقی کے جاری منصوبے کے تحت مکمل طور پر مسمار کر دیا جائے گا ، جن محلوں کو ہٹایا جائے گا وہ لاوارث مکانات یا کچی آبادیوں سے بھرے ہوئے ہیں ، جس کی وجہ سے ان علاقوں میں داخلہ مشکل ہو گیا ہے ، ان محلوں کو ترقی دینے اور ان شہریوں کو عمارتوں کی ملکیت دینے کے لیے تفصیلی منصوبے بنائے گئے ہیں جو وہاں مقیم تھے اور ان کے پاس کوئی اور مکان نہیں ہے۔

سعودی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے "دی پوزیشن" شو میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت بلدیات اور دیہی امور اور ہاؤسنگ نے ایسے خاندانوں کے لیے 5,000 ہاؤسنگ یونٹ تیار کیے ہیں جو سماجی تحفظ کی اسکیموں سے مستفید ہوئے ہیں اور جن کے کچی آبادیوں میں مکانات کو ختم کر دیا گیا ہے جب کہ کل 102 خاندان جو گلیل محلے میں رہتے تھے اب تک وزارت کے ہاؤسنگ یونٹس میں منتقل ہو چکے ہیں ، وہ لوگ جو اپنے گھروں کے لیے ٹائٹل ڈیڈز کے مالک ہیں اور انہیں ہٹانے سے پہلے کچی آبادیوں میں رہتے تھے انہیں ایک سال کے لیے مکان یا کرائے پر مکان دیا جائے گا ۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں