سعودی شہری نے واٹس ایپ پر بلاک کرنے پر بیوی کو طلاق دے دی

شادی کے صرف 3 ماہ بعد ہی جوڑے میں علیحدگی ہوگئی‘ عدالت نے خاتون کو سعودی شخص سے لیا گیا 50 ہزار ریال مالیت کا سامان اور سونا واپس کرنے کا حکم دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 4 مارچ 2022 10:31

سعودی شہری نے واٹس ایپ پر بلاک کرنے پر بیوی کو طلاق دے دی
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 مارچ 2022ء ) سعودی عرب میں ایک سعودی شخص نے اپنی بیوی کو محض اس لیے طلاق دے دی کیوں کہ خاتون نے اسے واٹس ایپ پر بلاک کردیا تھا ۔ عکاظ اخبار کے مطابق ایک سعودی شخص نے شادی کے صرف تین ماہ بعد ہی مبینہ طور پر اپنی بیوی کو اسے واٹس ایپ پر بلاک کرنے کی وجہ سے طلاق دے دی ، جدہ کی سول کورٹ نے اس سعودی شخص کے حق میں فیصلہ سنایا جس نے شادی کے تین ماہ بعد اپنی بیوی کی جانب سے واٹس ایپ پر بلاک کیے جانے کے بعد اسے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی ، عدالت نے بیوی کو حکم دیا کہ وہ اپنے شوہر سے حاصل کردہ سامان اور سونا واپس کرے۔

عدالتی کاغذات سے معلوم ہوا ہے کہ اس شخص نے خاتون سے شادی کی اور اسے کچھ سونا سمیت 50,000 ریال کا سامان بھی دیا ، دونوں میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ شادی کی تقریب بعد میں ہو گی لیکن صرف 3 ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا جس کی وجہ سے شادی ختم ہو گئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شخص نے عدالت مین دائر کردہ اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا کہ ہم ایک ایسی صورتحال پر پہنچ گئے ہیں جہاں میری بیوی نے مجھے واٹس ایپ پر بلاک کر دیا اور میں اس کے ساتھ بات چیت نہیں کر سکا ، جس کی وجہ سے مجھے اس کے والد کو فون کرنا پڑا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا ، اس لیے میں اپنی بیوی سے کہہ رہا ہوں کہ یا تو گھر واپس آجائے یا سامان اور سونا واپس کر دے جو میں نے اسے دیا تھا۔

اس ضمن میں بیوی کے والد نے کہا کہ اس شخص کے رویے کی وجہ سے اس کی بیٹی اس سے نفرت کرنے لگی ہے کیوں کہ اس کی بیٹی اپنے گھر جانے سے پہلے اپنی تعلیم مکمل کرنا چاہتی تھی جس میں یہ شخص رکاوٹ بنا تاہم سعودی شخص نے اپنے سسر کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کی۔ بتایا گیا ہے کہ فریقین کی شہادتیں سننے کے بعد عدالت نے نکاح ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور خاتون کو حکم دیا کہ وہ اپنے شوہر سے حاصل کردہ تمام سامان اور سونا واپس کرے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں