سعودی عرب میں مطلوب شخص کا گرفتاری کے دوران خودکش دھماکہ

جدہ میں پیش آئے واقعے میں دہشت گرد موقع پر ہلاک‘ ایک پاکستانی شہری اور 3 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 12 اگست 2022 17:04

سعودی عرب میں مطلوب شخص کا گرفتاری کے دوران خودکش دھماکہ
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 اگست 2022ء ) سعودی عرب میں خودکش جیکٹ پہنے ہوئے ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، واقعے میں ایک پاکستانی شہری اور 3 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ عرب نیوز کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سعودی سکیورٹی فورسز انتہائی مطلوب دہشت گرد کی گرفتاری کی کوشش کر رہی تھیں کہ اس دوران اس نے بارودی بیلٹ سے دھماکہ کر دیا، جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک پاکستانی شہری اور 3 سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔

اس حوالے سے سعودی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گرد 7 سال سے سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب شخص تھا، جس کو جب سکیورٹی فورسز نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے دھماکہ کر دیا، اس مقصد کے لیے اس نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان سکیورٹی فورسز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عبداللہ بن زید عبدالرحمن البکری الشہری کو گزشتہ سات سالوں سے مملکت میں حکام کی جانب سے ایک مطلوب شخص کے طور پر درج کیا گیا ہے، سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کے مقام کا سراغ لگایا اور اس کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کیا کہ اس دوران اس نے خودکش جیکٹ سے دھماکہ کردیا، جدہ کے الصمیر محلے میں پیش آئے اس واقعے میں دہشت گرد جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا جب کہ دھماکے میں ایک پاکستانی باشندہ اور 3 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

پریزیڈنسی آف اسٹیٹ سکیورٹی نے کہا کہ یہ آپریشن دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے اور تمام شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مملکت کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں