مکّہ: غیر عربی ناموں سے کاروبار چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی

تمام کاروباری مراکز اور کمپنیاں صرف عربی ناموں سے کاروبار کر سکیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 نومبر 2018 14:05

مکّہ: غیر عربی ناموں سے کاروبار چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی
مکّہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 نومبر2018) مکّہ کے میئر محمد القُوویہِس نے تمام کمپنیوں اور تجارتی مراکز کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ دوہفتوں کے اندر اندر اپنے کاروبار کا نام غیر عربی ہونے کی صورت میں عربی میں بدل دیں۔ میئر کی جانب سے میونسپلٹی کے تمام شعبوں کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ تمام رہائشی اور تجارتی عمارتوں، بِل بورڈز، کمپنیز اور اداروں کے مالکان سے خبردار کریں کہ وہ اس سے قبل رجسٹرڈ غیر عربی ناموں کو بدل کر اُن کا عربی میں اندراج کروا لیں۔

جو افراد اس پابندی کی خلاف ورزی کریں گے اُن کا کاروباری لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔ میئر مکّہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر مُلکی ناموں سے کاروبار چلانے والے اداروں کو میونسپلٹی کی جانب سے تمام سہولیات کی فراہمی ختم کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

میئر نے تمام کنٹریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکّہ ریجن میں گاؤں، تحصیلوں اور شہروں میں نئے پراجیکٹس کی تکمیل کے فوراً بعد ملبہ ہٹا لیں تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کیونکہ اگر ملبہ نہ ہٹایا گیا تو ا س سے بصری اور ماحولیاتی آلودگی جنم لے گی۔تمام کنٹریکٹرز کو پراجیکٹس کی تکمیل ملبہ ہٹانے کی غرض سے کوڑے دان مہیا کیے گئے ہیں، جبکہ چند ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو ملبہ اوردیگر کوڑا کرکٹ اُٹھانے کے لیے لائسنس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ میئر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ میونسپلٹی کی جانب سے ایک نئی مہم ’ملبے کے ڈھیر سے پاک عمارتیں‘ کے عنوان سے شروع کی جا رہی ہے۔

اس مہم کا مقصد اس مقدس شہر کو ایک رول ماڈل بنانا ہے اس مشن کا آغاز رواں سال سے کر دیا گیا ہے۔ میئر کی جانب سے نجی اور کمرشل ریسٹ ہاؤسز کے مالکان کو رہائشی سہولیات بہتر بنانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ اُنہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریسٹ ہاؤسز کو سول ڈیفنس محکمے کی ہدایات پر عملے کرتے ہوئے حفاظتی آلات کی تنصیب کروانا لازمی ہے۔ جبکہ ان ریسٹ ہاؤسز میں لوگوں کو فراہم کیا جانے والا کھانا بھی حفظانِ صحت کے معیارات پر پُورا اُترنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں