مکّہ : پاکستانی ڈاکٹر کی انسانیت پرستی نے سعودیوں کے دِل جیت لیے

ڈاکٹر محمد بشیر نے ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے کے باوجود تین کلومیٹر پیدل جا کر مریض کی جان بچا لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 دسمبر 2018 14:28

مکّہ : پاکستانی ڈاکٹر کی انسانیت پرستی نے سعودیوں کے دِل جیت لیے
مکّہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر2018ء ) ڈاکٹری کا پیشہ انسانیت کی جان بچانے والا پیشہ ہونے کے باعث دُنیا بھر میں بہت احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ اگرچہ آج کے دور کی نفسا نفسی کا اثر ڈاکٹروں پر بھی پڑا ہے جس کے باعث انسانیت کے محسنوں کی بڑی تعداد پیسہ کمانے کی ہوس میں مبتلا ہو گئی ہے۔ تاہم ابھی بھی انسانیت پرستی کے جذبے سے سرشار معالجوں کی دُنیا میں کوئی کمی نہیں۔

ایسے ہی ایک معالج پاکستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد بشیر بہادر ہیں جو سعودی مملکت میں اپنی طبی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ چند ہفتے قبل مملکت کے بیشتر علاقے میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی تھی۔ انہی دِنوں ڈاکٹر محمد بشیر مکّہ کے علاقے اضم میں واقع سرکاری ہسپتال میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریباً دو ہفتے قبل وہ معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی ختم کر کے گھر جانے والے ہی تھے کہ دو سعودی نوجوان بہت گھبرائی ہوئی حالت میں اُن کے پاس آ کر کہنے لگے کہ اُن کے والد گھر پر گِر گئے جس کے باعث اُن کے سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔

سڑک متعدد مقامات پر پانی میں ڈُوبی ہونے کے باعث ڈرائیونگ کے قابل نہیں رہیں۔ جس کے باعث وہ والد صاحب کو یہاں تک نہیں لا سکے۔ اگر اُن کو فوری طور پر طبی امداد نہ کی گئی تو جان چلی جانے کا اندیشہ ہے۔ ان نوجوانوں کی بات سُن کر حساس دِل کے مالک ڈاکٹر محمد بشیر نے اُن کی ڈھارس بندھائی اور اُن کے ساتھ پیدل ہی روانہ ہو گئے، کیونکہ سیلاب کے باعث ہسپتال کی گاڑی واپس نہیں پہنچ سکی تھی۔

ڈاکٹر محمد بشیر ڈیوٹی کا وقت ختم ہونے کے باوجود تین کلو میٹر کا راستہ پیدل طے کر نوجوانوں کے ساتھ اُن کے گھر پہنچے اور مریض کی مرہم پٹی کر کے اُسے دوائی دی۔ جس کی حالت اب سنبھل چُکی ہے۔ اُن کے انسانی جان بچانے کی خبر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔ جس پر سعودی باشندوں نے اُنہیں حد درجہ احسان مندی کے کلمات کی صورت میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر محمد بشیر کے اس قابلِ قدر کارنامے پر اُنہیں اضم جنرل ہسپتال کے ڈائریکٹر صالح بن حماد الزہرانی کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اس موقع پر الزہرانی نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹر نے اپنے آرام اور سکون کو قربان کر کے مریض کی جان بچا کر دُنیا والوں کو انسانی ہمدردی سے متعلق ایک شاندار پیغام دیا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں