مکّہ: اللہ اور اس کے رسولؐ سے محاذ آرائی نہ کریں: امام حرم

مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر اُسامہ خیاط کا ایمان افروز خطبۂ جمعہ

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 جنوری 2019 15:44

مکّہ: اللہ اور اس کے رسولؐ سے محاذ آرائی نہ کریں: امام حرم
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری 2019ء) مسجد الحرام کے امام خطیب شیخ ڈاکٹر اُسامہ خیاط نے گزشتہ روز جمعہ کے خطبہ کے دوران تلقین کی ہے کہ اللہ اور اس کے رسول سے محاذ آرائی نہ کریں یعنی رب اور اُس کے رسول کی تعظیم کا خاص خیال رکھیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو بے انتہا نعمتوں سے نوازا ہے۔ اللہ کی خواہش ہے کہ اُس کے بندے اُس کی بندگی میں رہ کر کامیابی حاصل کریں۔

گمراہی کی دلدل میں نہ پھنسیں اور نہ مایوسی کے گڑھے میں جا گریں۔ یہ تبھی ممکن ہے اگر فرزندانِ توحید رب اور اُس کے رسولﷺ کی تعظیم کو ملحوظ خاطر رکھیں گے۔ جو لوگ اللہ اور اس کے رسولﷺ سے محاذ آرائی کا راستہ اپناتے ہیں ، دُنیا اور آخرت میں اُن کے لیے بدترین سزا رکھی گئی ہے۔ اللہ اور اس کے رسولﷺ سے محاذ آرائی سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ رب کی تعظیم کی جائے۔

(جاری ہے)

خُدا ترسی سے کام لیا جائے۔ خود کو اسلامی شرع کا پابند بنایا جائے۔ اللہ اور اُس کے رسول کے احکامات کی اطاعت کی جائے۔ دُوسری جانب مسجد نبوی ؐ کے امام و خطیب شیخ حُسین آل شریف نے جمعے کے خطبے کے دوران کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں عدل و احسان اور رشتہ داروں کے ساتھ بہترین سلوک کا حکم دیا ہے۔ احسان کو اپنانے والے افراد اور معاشرہ مہذب بن جاتے ہیں۔ کسی کے ساتھ اچھے بول بولنا اور مسکراہٹ سے ملنا بھی احسان ہے۔ کسی کی مالی مدد کرنا بھی احسان ہے، اسی طرح کسی کو سمجھانے کی خاطر اپنا قیمتی وقت نکالنا بھی احسان کے زمرے میں آتا ہے۔احسان کی بدولت فرد اور معاشرہ دِلی کدورتوں اور نفرتوں سے پاک ہو جاتے ہیں اور معاشرتی فتنے بھی کم ہو جاتے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں