مکّہ:21 لاکھ 62 ہزار سے زائد افرادنے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی

اب تک 30لاکھ فرزندانِ توحید کو عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 جنوری 2019 14:48

مکّہ:21 لاکھ 62 ہزار سے زائد افرادنے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 جنوری 2019ء ) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن یعنی یکم محرم الحرام 1440ھ سے 11 جمادی الاول 1440ھ تک تقریباً 30 لاکھ فرزندانِ توحید کوعمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ جن میں سے اب تک 25 لاکھ 61 ہزار 541 افراد مملکت آ چکے ہیں۔ اب تک 21 لاکھ 62 ہزار 62 معتمرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن کو رخصت ہو چکے ہیں۔

اس وقت مملکت میں عمرہ کی غرض سے مقیم افراد کی گنتی3 لاکھ 99 ہزار 479 ریکارڈ کی گئی ہے جن میں سے 277372 مکہ مکرمہ میں جبکہ 122107 مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں محرم سے لے کر ربیع الثانی کے آخر تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کراب تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جن کی گنتی 9 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والوں کی گنتی 7 لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ تیسرے نمبر پر بھارت ہے جس کے بعد ملائیشیاچوتھی اور یمنی پانچویں نمبرپر ہیں۔ زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ حرمین ٹرین کے منصوبے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین سفر آرام دہ بنانے کے لیے انقلابی اقدام ٹھہرایا ہے۔

معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔ اس مقصد کے لیے 992 ، ای میل یا سوشل ویب سائٹس سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں