حرمین ٹرین کے مسافروں کے لیے شاندار خوشخبری

مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اب حرمین ٹرین بُدھ کو بھی چلائی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 فروری 2019 11:36

حرمین ٹرین کے مسافروں کے لیے شاندار خوشخبری
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8فروری 2019ء) سعودی مملکت کی سب سے جدید ریلوے سروس حرمین ٹرین کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے مکّہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حرمین ٹرین ایکسپریس ٹرین اب بُدھ کے روز بھی چلائی جائے گی۔ حکام کے مطابق 8 جمادی الثانی 1440ھ (13 فروری 2019ء) سے بُدھ ، جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو حرمین ٹرینیں زیادہ تعداد میں چلائی جائیں گی۔

اس طرح ایک ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر حرمین ایکسپریس ٹرین چالیس چکر لگائے گی۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ مسافروں کی شدید طلب پر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 10جنوری 2019ء سے ٹرین کے نظام الاوقات میں تبدیلی کی گئی تھی۔ جس کے بعد پہلی ٹرین مکّہ سے صبح 8 بجے روانہ ہوتی ہے اور11 بج کر 5 منٹ پر مدینہ منورہ پہنچتی ہے۔

(جاری ہے)

دُوسری ٹرین دوپہر 12 بجے مکّہ سے چل کر 3 بج کر 2 منٹ پر مدینہ منورہ پہنچتی ہے۔

تیسری ٹرین سہ پہر سوا تین بجے مکہ سے روانہ ہو کر 6 بج کر 17 منٹ پر مدینہ منورہ کے اسٹیشن پر پہنچتی ہے۔ چوتھی ٹرین شام کو 7 بجے مکّہ سے روانہ ہو کر رات 10 بج کر 5 منٹ پر مدینہ پہنچ جاتی ہے۔ واضح رہے کہ مکّہ ، مدینہ اور جدہ کو ملانے والی شاندار حرمین ٹرین کی سروس کا آغاز 11 اکتوبر 2018ء کو کیا گیا تھا۔حرمین ٹرین کی مکہ سے مدینہ تک کے لیے اکانومی کلاس ٹکٹ کی قیمت 75 ریال، مکّہ سے جدہ تک 20 ریال، جبکہ جدہ سے مدینہ کے لیے 63 ریال مقرر کی گئی ہے۔

اس ٹرین میں دو برس تک کی عمر کے بچوں کے لیے نشستیں مخصوص نہیں کی گئیں، وہ اپنے والدین اور رشتہ داروں کی گود میں بیٹھ کر سفر کر سکتے ہیں۔ جبکہ بچے اور نابالغ افراد اکیلے سفر نہیں کر سکتے، اْن کے ہمراہ کسی بالغ عزیز کا ہونا لازمی ہے۔ ہر ٹرین 13 بوگیوں پر مشتمل ہے۔ جن میں سے 4بوگیاں اکانومی کلاس جبکہ باقی 8 بزنس کلاس کے لیے مخصوص ہیں۔ نشستوں کی مجموعی تعداد 417 ہیں۔ جبکہ معذوروں کے لیے بھی کچھ نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ ٹرین میں مسافروں کے لیے ریستوران کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں