مکّہ شہر میں موجود کار شورمز اور ورکشاپس بند کرنے کا فیصلہ

رہائشی علاقوں میں ہیوی وہیکلز اور ٹرک کی پارکنگ پر بھی پابندی عائد

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 فروری 2019 13:55

مکّہ شہر میں موجود کار شورمز اور ورکشاپس بند کرنے کا فیصلہ
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری 2019ء) مکّہ مکرمہ شہر کی میونسپلٹی نے خبردار کیا ہے کہ الکعکیہ اور العابدیہ محلوں میں موجود گاڑیوں کے شورومز اور ورکشاپس فوری طور پر بند کر دیئے جائیں۔ میونسپلٹی نے کاروں کے شورومز اورورکشاپس کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے کاروبار 2 ماہ کے اندر آبادی سے باہر منتقل کر لیں۔ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ شو رومز اور ورکشاپس العکیشیہ کے علاقے میں ’کار سٹی‘ (مدینۃ السیارات) منتقل کی جائیں۔

مالکان کو مذکورہ محلوں میں شو رُوم اور ورکشاپ بند کر کے کسی اور مقام پر منتقلی کی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کرنا ہو گا۔ میونسپلٹی نے مطلع کیا ہے کہ کار سٹی کا منصوبہ پایۂ تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔ تمام مالکان اگلے دو ماہ میں شورومز اور ورکشاپس کی منتقلی کروا لیں۔

(جاری ہے)

اگر اس کے بعدمذکورہ محلوں میں کوئی بھی ورکشاپ اور شو رُوم کھُلا نظر آئے گا تو اسے سربمہر کر دیا جائے گا۔

میونسپلٹی نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام ہیوی وہیکلز کے مالکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنی ہیوی وہیکلز اور ٹرک رہائشی علاقوں میں پارک نہ کریں۔ اگر کسی رہائشی علاقے میں یہ بھاری گاڑیاں کھڑی پائی گئیں تو خلاف ورزی کے جُرم میں انہیں ضبط کر لیا جائے گا۔ تمام ہیوی وہیکلز کے مالکان کو اپنی گاڑیاں رہائشی علاقوں سے دُور کھڑی کرنا ہوں گی تاکہ ٹریفک جام کی صورتِ حال جنم نہ لے۔

مکّہ مکرمہ میونسپلٹی نے فیصلے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 ٹرکوں کو ضبط کر لیا ہے۔ میونسپلٹی نے اس سلسلے میں گشتی پولیس اور محکمہ ٹریفک کے اہلکاروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ اگر رہائشی علاقوں میں جہاں کہیں ہیوی وہیکلز کھڑی دیکھیں تو فوری طور پر محکمہ کو اطلاع کریں۔ میونسپلٹی نے اس حوالے سے گاڑیوں کو ضبط کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں