مکّہ مکرمہ: غیر مُلکی باشندوں نے سعودی شہری کی دُھنائی کر دی

سعودی شہری کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 فروری 2019 11:15

مکّہ مکرمہ: غیر مُلکی باشندوں نے سعودی شہری کی دُھنائی کر دی
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12فروری 2019ء) سعودی عرب میں درجنوں ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جن میں سعودی نوجوان غیر مُلکیوں کی مار پیٹ کرتے ہیں اور اُن کے پاس موجود قیمتی سامان اور پیسے وغیرہ چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔ تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے غیر مُلکیوں کی جانب سے مقامی باشندوں کی مار پیٹ کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ چند دِن پہلے چند غیر مُلکیوں نے ایک سعودی نوجوان کو پارکنگ کے جھگڑے پر اتنا پیٹا کہ اُس کی موت واقع ہو گئی۔

اب ایک نیا واقعہ بھی سامنے آیا ہے جس میں مقدس شہر مکّہ مکرمہ میں دو برمی باشندوں نے ایک سعودی شہری کو زد و کوب کیا۔ اس پر تیز دھار آلے کے متعدد وار کیے اور جاتے جاتے اُس کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو زخمی شہری سڑک پر پڑا درد سے کراہ رہا تھا۔

(جاری ہے)

جسے ابتدائی طبی امداد دے کر فوری طور پر اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔

جہاں اُس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزموں کی شناخت کر لی اور اُن کے ٹھکانوں کا پتا چلا کر اُنہیں گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد ملزمان نے سعودی باشندے کی مار پیٹ کے جُرم کا اعتراف کر لیا ہے تاہم اُنہوں نے موبائل فون ہتھیانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہوں نے ڈکیتی کی واردات انجام نہیں دی۔ اجیاد پولیس اسٹیشن نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کی غرض سے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جہاں اُن سے مزید تفتیش کے بعد اُنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں