مکّہ مکرمہ: پاکستانی نوسرباز نے اپنے ہم وطن کیشیئر کو لُوٹ لیا

ملزم نے یہ واردات اپنے دو سعودی ساتھیوں کی مدد سے انجام دی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 فروری 2019 11:57

مکّہ مکرمہ: پاکستانی نوسرباز نے اپنے ہم وطن کیشیئر کو لُوٹ لیا
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18فروری 2019ء ) پولیس نے ایک پاکستانی نوسرباز کو اپنے ہم وطن دوست سے ہی ہزاروں سعودی ریال کی رقم لُوٹنے پر گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مکّہ مکرمہ کے ایک ریسٹوران میں کیشیئر کے عہدے پر تعینات پاکستانی نوجوان نے اجیاد پولیس کو رپورٹ درج کروائی کہ اُس کا ایک ہم وطن دوست جدہ میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہے۔

وقوعہ کے روز وہ اُس سے مِلنے آیا۔ اس دوست نے محسوس کیا کہ کیشئر بھاری رقم بینک میں جمع کروانے جا رہا ہے۔ اس وقت پاکستانی کیشیئر کے پاس 30 ہزار ریال کے قریب رقم تھی۔ اس پر ملزم بھی بہانے سے اُس کی گاڑی میں سوار ہو گیا۔ اس دوران وہ عربی میں مختلف افراد سے رابطے کرتا رہا۔ تھوڑی دیر بعد اُن کی گاڑی کو دو سعودیوں نے روک لیا جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان جعلی اہلکاروں نے گاڑی روک کر تلاشی لی اور کیشئر کے پاس موجود 30 ہزار ریال کی رقم ضبط کر لی۔ اورپھر گاڑی کو ایک جگہ سائیڈ پر کھڑا کر کے ہمیں انتظار کرنے کا کہہ کر وہاں سے چلے گئے۔ اُن کے جاتے ہی پاکستانی دوست نے اپنا موبائل فون بند کر دیا اور پھر کافی دیر اندر بیٹھا جھُوٹ مُوٹ کے افسوس کا اظہار کرتا رہا۔ اور پھر گاڑی سے اُتر کر واپس چلا گیا۔

اس ساری صورتِ حال پر کیشیئر کا ماتھا ٹھنکا کہ جس طرح سے یہ اچانک واردات ہوئی ہے، یقیناً اسی دوست نے جعلی پولیس اہلکاروں کو مخبری کی ہو گی کہ گاڑی میں کیش موجود ہے۔ پاکستانی کیشیئر نے فوری طور پر تھانے جا کر رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے جدہ میں پاکستانی کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو انکشاف ہوا کہ اُس کا خروجِ نہائی جاری ہو چکا تھا اور وہ ایک آدھ دِن میں پاکستان واپس جانے کی تیاریوں میں تھا۔ دوران تفتیش پاکستانی ملزم نے اقبالِ جُرم کر لیا۔ اُس نے پولیس کو بتایا کہ وہ دونوں جعلی اہلکار اُس کے سعودی دوست تھے، جنہیں اُس نے گاڑی میں بیٹھے بیٹھے اس واردات کی انجام دہی کے لیے تیار کیا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں