سعودی مملکت میں پھنس گئے پاکستانی عمرہ زائرین کی واپسی کا عمل شروع

پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے باعث ہزاروں معتمرین کی واپسی نہیں ہو سکی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 2 مارچ 2019 12:04

سعودی مملکت میں پھنس گئے پاکستانی عمرہ زائرین کی واپسی کا عمل شروع
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 مارچ 2019ء ) پاکستان اور بھارت کے تعلقات اس وقت شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔ خصوصاً پاکستان کی جانب سے بھارت کا طیارہ مار گرائے جانے کے بعد بھارتی میڈیا اور فوج غصّے سے بِلبلا اُٹھے ہیں اور بدلہ لینے کی تاڑ میں ہیں تاہم وہ اپنے پائلٹ ابھینندن کی واپسی کے انتظار میں تھے۔ یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پائلٹ کی واپسی کے بعد بھارت ایک بار پھر پاکستان پر حملہ کرنے کی ناپاک جسارت کرے گا۔

اسی نازک صورتِ حال کے پیش نظر پاکستان نے چند روز قبل اپنی فضائی حدود اندرونی اور بیرونِ ملک پروازوں کے لیے بند کر دی تھیں، جس کے باعث سعودی عرب میں موجود ہزاروں پاکستانی معمترمین کی بروقت وطن واپسی ممکن نہ ہو سکی تھی۔ اس حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے اسلام آباد اور کراچی کے لیے فضائی حدود کھول دی گئی ہیں، جس کے بعد سعودی عرب کی ایئر لائنز کی جانب سے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ کیلئے پاکستانی معتمرین کی پروازیں بحال کردیں۔

(جاری ہے)

تاہم پاکستان کی جانب سے لاہور کی فضائی حدودابھی تک نہیں کھولی گئیں، اس وجہ سے لاہور ایئرپورٹ پر معتمرین کی واپسی نہیں ہو پا رہی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں پاکستانیوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ورکنگ ٹیمیں فضائی کمپنیوں کے ساتھ پاکستانی معتمرین کے ریزرویشن کی کارروائی کرا رہی ہیں جس کے بعد اُنہیں قافلوں کی صورت میں مقررہ اوقات پر جدہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھیجنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔

وزارت نے عمرہ کمپنیوں و اداروں کو تحریری ہدایت دی ہے کہ وہ السعودیہ اور پی آئی اے کے دفاتر سے رجوع کرکے پاکستانی معتمرین کی واپسی کی کارروائی مکمل کرائیں ۔پاکستان کی سول ایو ی ایشن اتھارٹی کے مطابق لاہور،سیالکوٹ،ملتان، فیصل آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن 4 مارچ تک معطل رہے گا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں