پاکستانی ڈرائیور دیت کی رقم نہ ہونے کے باعث 4 برس سے قید

لخمیر خان کے ٹرک کی ٹکر سے دو خواتین اور ایک بچہ جاں بحق ہو گئے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 اپریل 2019 12:56

پاکستانی ڈرائیور دیت کی رقم نہ ہونے کے باعث 4 برس سے قید
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔6 اپریل 2019ء) سعودی نیوز ویب سائٹ سبق ایک پاکستانی ڈرائیور کی بدنصیبی پر مبنی کہانی منظر عام پر لے آئی ہے جو محض دیت کی رقم کی ادائیگی نہ کرنے کی بناء پر گزشتہ چار سالوں سے جیل میں بند ہے۔ پاکستانی ٹرک ڈرائیور لخمیر خان کی رہائی کے لیے سعودی شہریوں نے سوشل میڈیا پر ’قلاوہ کا قیدی، لاخمیر‘ کے عنوان سے مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔

آج سے چار سال قبل الحجرہ کمشنری میں ایک شاہراہ پر لخمیر خان کے ٹرک اور ایک کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار دو خواتین اور ایک بچہ جاں بحق ہو گئے تھے۔ عدالت نے مقدمے کے دوران اس حادثے میں لخمیر خان کا قصور پچاس فیصد قرار دیا اور اس پر دیت کی مد میں 2 لاکھ 25ہزار ریال عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

تاہم خان ایک معمولی ڈرائیور ہونے کی وجہ سے دیت کی رقم ادا نہ کر سکا جس پر اُسے جیل بھیج دیا گیا، جو گزشتہ چار سال سے قلوہ شہر کی جیل میں بند ہے۔

بعد میں الحجرہ کمشنری کے سرکردہ افراد نے جاں بحق ہونے والے لواحقین سے رابطہ کر کے اُنہیں اس بات پر قائل کر لیا کہ وہ خان کی کمزور مالی حیثیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کے ذمے دیت کی رقم کم کر دیں جس پر لواحقین نے دیت کی رقم کم کر کے 74 ہزار 680 ریال کر دی۔ لیکن خان کی غربت ایک دفعہ پھر اُس کے آڑے آ گئی ہے۔ کیونکہ وہ یہ رقم بھی ادا کرنے سے قاصر ہے۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے جس میں مخیر حضرات سے کہا جا رہے کہ وہ مِل جُل کر اس شخص کے ذمے دیت کی رقم ادا کر کے اُسے رہا کروانے میں مدد کریں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں